شوپیان میں ترقی کا نیا دور، ماسٹر پلان منظور، ہسپتال روڈ نان پارکنگ زون قرار

شوپیان میں ترقی کا نیا دور، ماسٹر پلان منظور، ہسپتال روڈ نان پارکنگ زون قرار

شوپیان کی تعمیر و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری،شہری ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔۔۔ ایگزیکٹو آفیسر سہیل احمد ملک

شوپیان // الحاق رپورٹ ۔۔۔۔۔شوپیان میں بلدیاتی اور انتظامی سطح پر لیے گئے حالیہ فیصلوں نے ٹاؤن کی سمت و رفتار کو ایک نیا رخ دینے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور میونسپل کونسل شوپیان کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں طویل عرصے سے تعطل کا شکار ماسٹر پلان بالآخر منظور ہو گیا ہے، جسے مقامی ترقی کا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اہم پیش رفت کے طور پر انتہائی حساس اور مصروف ترین ہسپتال روڈ کلاک ٹاور سے بونہ گام چوک تک کو باضابطہ طور نان ونڈر اور نان پارکنگ زون قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے نے نہ صرف مریضوں کو روزمرہ ٹریفک جام سے بڑی حد تک نجات دلائی ہے بلکہ ایمبولنس گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی ہموار ہو گئی ہے۔اسی کے ساتھ ضلع ہیڈکوارٹر کے مرکزی بازاروں اور اہم سڑکوں پر قائم دکانوں اور رہائشی عمارتوں کے مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی چھتوں پر فوری طور ‘سنو بریکٹس’ نصب کریں تاکہ برف باری کے دوران برف کے تیز دھارے نیچے نہ گریں اور شہریوں کو کسی قسم کی حادثاتی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عوامی سطح پر ان دونوں اقدامات کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق شوپیان کے لیے تیار کیے گئے زیر التوا ماسٹر پلان کو بالآخر ہری جھنڈی مل چکی ہے، جس کے بعد ضلع میں انفراسٹرکچر، ٹاؤن پلاننگ، سڑکوں کی بہتری، تعمیراتی ضوابط اور مستقبل کی شہری ضروریات کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی مرتب ہو گئی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس ماسٹر پلان کی عمل آوری کے بعد شوپیان میں ترقیاتی سرگرمیوں کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ سال 2023 میں ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن نے جو ماسٹر پلان تیار کیا تھا وہ پرانے سرویز (2012–13) پر مبنی تھا اور اس میں مقامی اسٹیک ہولڈرز کی رائے شامل نہیں کی گئی تھی، جس کے سبب متعدد تکنیکی خامیاں پیدا ہوئیں اور پلان کو مؤخر کرنا پڑا۔ تاہم میونسپل کونسل شوپیان نے ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر تمام تکنیکی رکاوٹیں دور کر کے ایک جامع اور حقیقی ضرورتوں پر مبنی دستاویز سرکار کو پیش کی، جسے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے منظور کر لیا۔ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل شوپیان، سہیل احمد ملک، نے الحاق سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ماسٹر پلان کا بنیادی سروے اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر (SPA) کو سونپا گیا ہے اور ادارے نے سروے کا کام شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ماسٹر پلان شوپیان کی ترقی کی رفتار بڑھانے والا ایک "گیم چینجر” ثابت ہوگا، کیونکہ اب ٹاؤن میں ٹریفک نظام کی بہتری، سرمایہ کاری، معیشت اور دیگر ترقیاتی منصوبے جدید سائنسی بنیادوں پر منظم طریقے سے انجام پائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ماسٹر پلان کا دائرہ کار صرف موجودہ میونسپل وارڈوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ملحقہ علاقوں کو بھی آہستہ آہستہ اس میں شامل کرنے کے امکانات موجود ہیں۔سنو بریکٹس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میونسپل کونسل کی خصوصی ٹیم بہت جلد تمام وارڈوں کا دورہ کر کے لوگوں میں آگاہی پیدا کرے گی، اور حکم کی تعمیل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور جرمانہ بھی عمل میں لایا جائے گا۔آخر میں ایگزیکٹو آفیسر نے واضح کیا کہ "شوپیان کی تعمیر و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میونسپل کونسل کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔”

Leave a Reply

Your email address will not be published.