موسم خشک رہنے کی صورت میں عیدگاہوں اوربارش ہونے کی صورت میں
مساجد،خانقاہوں،درگاہوں اورامام باڈوں میں ہونگے نمازعید عظیم الشان اجتماعات
سرینگر ۴، جون ؍کے این ایس ؍ آج برصغیرہندوپاک کے بیشترعلاقوں کی طرح ہی منقسم ریاست جموں وکشمیرکے پانچوںخطوں کشمیروادی ،جموں ،لداخ،پاکستانی زیرانتظام کشمیر اور گلگت وبلتستان میں عیدالفطرکی تقریب سعید انتہائی عقیدت واحترام اورتزک واحتشام کیساتھ منائی جارہی ہے۔پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی اورہندوستان کے مقتدرعلمائے دین نے منگل کی شام اسبات کی تصدیق کی کہ شوال کاچاندنظرآچکاہے ،اسلئے برصغیرہندوپاک میں 5جون بروزبدھ وارکوعیدالفطر کی تقریب سعیدمنائی جائیگی ۔خیال رہے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اوردیگرکئی خطوں میں سوموارکی شام شوال کاچاندنظرآنے کے پیش نظرعیدالفطر منگل وارکوہی منائی گئی ۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق منگل کوشام دیرگئے رویت ہلال کمیٹی پاکستان اوربھارت کے مقتدرعلمائے دین نے یہ اعلان کیاکہ شوال کاچاندنظرآگیاہے ،اسلئے ماہ مبارک مکمل ہوچکاہے ،اوراب عیدالفطرکی تقریب سعیدبھارت اورپاکستان سمیت جنوب ایشیائی خطے کے دیگرممالک میں بدھ وارکومنائی جائے ۔منگل کی شام شوال کاچاندنظرآنے کی تصدیق ہوجانے کے بعدبرصغیرہندوپاک بشمول منقسم ریاست جموں وکشمیرمیں کروڑوں فرزندان توحیدعیدکی حتمی تیاریوں میں جٹ گئے جبکہ مساجدمیں منگل کوتراویح کے بجائے معمول کے مطابق نمازعشاء اداکی گئی ۔رات دیرگئے تک گھروں میں خواتین اچھے اورلذیذپکوان تیارکرنے میں جٹی ہوئی تھیں اورگھرکے مردحضرات بھی اُنکاہاتھ بٹارہے تھے ۔آج عیدالفطر کی تقریب سعیدمنائی جارہی ہے توہرسوخوشی کاعالم ہے ،ہرسوفضاء معطرہے ،چھوٹے بچے بچیاں رنگ برنگے نئے نئے ملبوسات پہن کرعیدکی خوشی منانے میں مصروف ہیں جبکہ نوجوانوں اوربزرگوں نے بھی نئے اورصاف وشفاف پوشاک زیب تن کئے ہیں ،اوروہ نزدیکی عیدگاہوں ،جامع مساجد،خانقاہوں ،امام باڈوں اورکھل میدانوں میں ہونے والے نمازعیدالفطرکے اجتماعات میں شرکت کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔کیااخوت کاعالم ہے ،کیاروح پرورمناظرہیں ،اورکیاخوشی کاعالم ہے کہ سب مسلمان ایک دوسرے سے بغلگیر ہو کر مبارکبادی اورخوشیاں بانٹ رہے ہیں۔عیدگاہوں ،جامع مساجد، خانقاہوں ،امام باڈوں اورکھل میدانوں میں نمازعیدکی تیاریوں مکمل ہیں ،اوریہاں نصب لائوڈاسپیکروں سے اللہ اکبراللہ اکبراوردرودحضورﷺ کی گونج سنائی دے رہی ہے۔فرزندان توحید’ اللہ اکبر اللہ اکبر لا الہ الا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد‘کاوردکرکے نمازعیدکی ادائیگی کیلئے جارہے ہیں۔کشمیروادی کے سبھی دس اضلاع میں نمازعیدکے عظیم الشان اجتماعات ہورہے ہیں جبکہ سب سے بڑے اجتماعات تاریخی عیدگاہ سری نگر،درگاہ حضرتبل اورکھادی مل گراونڈ آلوچی باغ سمیت کئی مقامات پرہونگے۔تاریخی عیدگاہ سری نگرمیں موسم خشک اورخوشگواررہنے کی صورت میں نمازعیدبدھ کوصبح 10 بجے اداکی جائیگی ،اوراگرموسم خراب رہاتونمازعیدکابڑااجتماع تاریخی جامع مسجدمیں ہوگا۔دونوں صورتوں میں میرواعظ کشمیرمولوی محمدعمرفاروق نمازعیدکے اجتماعات کی پیشوائی کریں گے ۔مولوی عمر فاروق ٹھیک9 بجے فلسفہ عید اور رمضان کے فضائل پر روشنی ڈالیں گے۔وادی بھر کے تمام ضلعی ،تحصیل اور بلاک سطح پر بھی نماز عید کے سلسلے میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں جن میں لاکھوں فرزندان توحید شرکت کرینگے۔ادھر جموں شہر کے مسلم اکثریتی علاقوں کے علاوہ راجوری ، پونچھ ، ڈوڈہ ، بھدرواہ، کشتواڑ،بانہال اور رام بن،راجوری ، پونچھ ،اور کرگل میں بھی عظیم الشان اجتماعات کا انعقاد ہو گا جن میں لاکھوں فرزندان توحید شرکت کریں گے۔نماز عید اجتماعات کے وقت رقت آمیزمناظر بھی دیکھے جائیں گے کیونکہ ہر عید گاہ ،مسجداور خانقاہ کے باہر ہزاروں کی تعداد میں معذور،بے سہارا ،یتیم بچے ،بیوہ خواتین بھیک مانگ رہے ہو نگے۔کاش کہ ہم سب نے اپنی بساط کے مطابق وقت پر محتاجوں ومسکینوں کی امداد واعانت کی ہوتی تو شاید یہ سب لوگ بالخصوص یتیم بچے ہمارے شانہ بشانہ عید کی خوشیوں میں شامل ہو تے۔درگاہ حضرت بل کو سجایا سنوارا گیا ہے جبکہ عید گاہ کی صفائی بھی کر دی گئی ہے۔وادی کے دوسرے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی عید جوش و جذبے کیساتھ منائی جارہی ہے۔مساجد و خانقاہوں میں بڑے بڑے اجتماعات ہوئے اور فرزندان توحید نے سربسجود ہو کر بارہ گاہ الٰہی کا شکر ادا کیا جائیگا۔عالم انسانیت امن ترقی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیگی۔
شوال کاچاندنظرآگیا:اللہ اکبر اللہ اکبر لا الہ الا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد
آج جموں وکشمیرمیں عیدالفطرکی تقریب سعیدمنائی جارہی ہے