مستقبل کو سنوارنے کیلئے نئی نسل کو تعلیم کے نور سے آراستہ کیا جائے
سرینگر ۲۵ ، جون ؍ کے این ایس ؍ حریت کانفرنس (ع) چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے قوموں کی ذہنی و فکری نشوو نما کیلئے تعلیم و تربیت اور حصول علم کو لازمی قرار دیتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے نسل نو کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام جیسے آفاقی دین نے جتنا زور حصول علم پر دیا ہے دنیا کے دوسرے ادیان میں ہمیں اس کی مثال نہیں ملتی۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق حریت کانفرنس (ع) چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے منگلوار کوگلی کدل نوشہرہ میں قائم ’’فور فرینڈز پبلک اسکول‘‘ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ میرواعظ نے قوموںکی ذہنی و فکری نشو ونما کیلئے تعلیم و تربیت اور علم کے حصول کو لازمی قرار دیتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آنے والے کل کیلئے آج کی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں کیونکہ دنیا کی کوئی بھی قوم اس وقت تک زندگی کے کسی بھی شعبے میں نمایاں ترقی نہیں کرسکتی جب تک نہ وہ تعلیم کے حصول کو اپنی زندگی کا مقصد نہیں بناتی کیونکہ یہ صرف علم کی کرشمہ سازی ہی ہے کہ آج دنیاخاص طور پر مغربی اقوام کہیں سے کہیں پہنچ چکی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہمارے نونہالوں اور نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے اور وہ زندگی کے کسی بھی میدان میں دوسری قوموں کے مقابلے میںنمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ یہاں کے تعلیمی ادارے اپنے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان اداروں میں اسلامی اور اخلاقی تعلیمات کو اپنے نصاب میں شامل کریں تاکہ یہاں کی نوجوان نسل کو جدید تقاضوں اور ضرورتوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔حریت (ع) چیرمین نے کہا کہ آج سے سوا سو سال پہلے جب پورا کشمیر ظلم و جفا، غربت و جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا تو اس وقت کے مرد آہن میرواعظ کشمیر علامہ رسول شاہ نے اسلامیہ اسکول کی بنیاد ڈال کر ظلم و جہالت کیخلاف ایک منظم جہاد کا آغاز کیااور آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ پورے کشمیر میں جگہ جگہ تعلیمی اداروںکا جال بچھا ہوا ہے جو ہر لحاظ سے خوش آئند ہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ اسلام جیسے آفاقی دین نے جتنا زور حصول علم پر دیا ہے دنیا کے دوسرے ادیان میں ہمیں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے اسکول کے چیرمین اور اساتذہ صاحبان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے میں طلباء کو جدید سہولیات مثلاً کلاس رومز میں اے سی، کمپیوٹر،اور دیگر تعلیمی دلچسپی کے سامان مہیا کئے ہیں جو ایک مثبت قدم ہے اور جدید زمانے کے تقاضوں کے ہم آہنگ بھی ہے ۔
قوموں کی فکری نشوونما کیلئے حصول علم لازمی: میر واعظ عمر فاروق
قوموں کی فکری نشوونما کیلئے حصول علم لازمی: میر واعظ عمر فاروق