سرینگر 17 ، جولائی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھوار کو ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سحرش اصغر کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے حلقہ بیروہ کے لوگوں کو درپیش مشکلات سے اُنہیں آگاہ کیا۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے بدھوار کو ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کے ساتھ اُن کے دفتر میں ملاقی ہوئے اور حلقہ انتخاب بیروہ کے لوگوں کے مسائل و مشکلات اُن کے سامنے رکھے۔عمر عبداللہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو بیروہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت اور بجلی کی عدم فراہمی کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں اور اُن پر زور دیا کہ حلقہ انتخاب کی آبادی کو پینے کے صاف پانی اور شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انہوں نے حلقہ انتخاب میں سڑکوں کی خستہ حالی کا معاملہ بھی اُٹھایا اور سڑکوں پر میکڈم بچھانے کے کام کو فوری طور پر ہاتھ میں لینے کی تاکید کی۔ عمر عبداللہ نے حلقہ انتخاب میں کلیدی پروجیکٹوں، جن میں کھاگ آری پانتھ روڑ، بیروہ ماگام بڈگام روڑ اور دیگر پروجیکٹ شامل ہیں، کے کام میں سرعت لانے اور وقت پر پائے تکمیل پہنچانے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کے مکمل ہونے سے لوگوںکو بہت راحت پہنچنے گی ۔عمر عبداللہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی توجہ حلقہ انتخاب کے طبی مراکز کی جانب بھی مرکوز کرائی اور اُن پر زور دیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے کیلئے ہر ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور ساتھ ہی ان مراکز پر ضروری ادویات بھی میسر رکھی جائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ماگام کیلئے ایک Critical Careایمبولنس فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اُن کے ہمراہ سینئر پارٹی لیڈران پروفیسر عبدالمجید متو، تنویر صادق اور ڈاکٹر محمد شفیع بھی تھے۔ اس سے قبل مرکزی مذاکرات کار شری دنیشور شرما نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے ساتھ اُن کی رہائش گاہ پر ملاقی ہوئے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ریاست کی موجودہ سیاسی اور امن و قانون کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا ۔
عمر عبداللہ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام سے ملاقی
لوگوں کے مسائل و مشکلات کا سدباب کرانے کی تاکید