سرینگر۱۰، اپریل ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس نے سرینگر جموں شاہراہ پر حکومتی پابندی کے خلاف کئی مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے اس عوام کش حکم نامے کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کی طرف سے بدھوار کو کئی مقامات پرسرینگر جموں شاہراہ پر عام ٹریفک کے چلنے پر پابندی کے خلاف اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے حکومت مخالف مظاہرے کئے۔اس دوران پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس عوام کش فیصلے کو فی الفور منسوخ کرکے عام لوگوں کو راحت کا سامان فراہم کریں۔ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کیساتھ بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جس دن سے یہ تغلقی فرمان جاری ہوا ہے ہم لگاتار اُس دن سے حکومت سے گذارش کررہے ہیں کہ اس پر دوبارہ سوچا جائے، اس پابندی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، فوج نے خود کہا ہے کہ وہ اس پابندی کو نہیں چاہتی۔فوج نے انکشاف کیا ہے کہ ہم نے شاہراہ پر پابندی کا مطالبہ نہیںکیا ہے، یہاں تک کہ سابق فوجی سربراہ جنرل ملک نے کہا ہے کہ یہ بیوقوفی پر مبنی فیصلہ ہے۔‘‘ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے آج چھوٹا سا احتجاج رکھا ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ حکم نامہ واپس لیا جائے اور لوگوں کو شاہراہ پر چلنے کی کھلی آزادی دیجئے۔ اس موقعے پراحتجاج میں شریک لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن شاہراہ پر پابندی کیخلاف مختلف قسم کے نعرے درج تھے۔
شاہراہ پر پابندی کیخلاف نیشنل کانفرنس کا احتجاج
تغلقی فرمان کو فوری طور واپس لیا جائے : عمر عبداللہ