سرینگر۱۰، اپریل ؍کے این ایس ؍ ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے لوگوں کو پی ڈی پی ، بی جے پی کے مکروہ عزائم سے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے لوگوں کے ووٹ کو تقسیم کرنے کی خاطر میدان میں درپردہ اُمیدواروں کو کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تعمیر و ترقی کا خواب صرف اور صرف کانگریس کے دور اقتدار میں شرمندہ تعبیر ہوا ہے جبکہ پی ڈی پی اور بی جے پی نے جموں کشمیر کے حالات کو خراب کرنے میں کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے بدھوار کو جنوبی کشمیر کے کاپرن ڈورو میں چناوی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ پی ڈی پی اور بی جے پی کے مکروہ عزائم سے چوکنا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں نے ایک منصوبہ بند پروگرام کے تحت عام لوگوں کے ووٹوں کو تقسیم کرنے کی خاطر میدان میں پراکسی اُمیدواروں اُتارا ہے۔غلام احمد میر نے بتایا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی انتخابی فائدے کے لیے لوگوں کو دھوکہ دینے میں کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔حالیہ دنوں میں سیاسی لیڈران اور کارکنوں کی محافظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کو واپس لینے پر کانگریس صدر نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران بدنظمی نے وادی کشمیر کے حالات کوانتہائی خراب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی اور پی ڈی پی نے ریاست کی کرسی سنبھالی تب سے وادی کشمیر میں حالات دن بہ دن خراب ہوتے گئے۔ سابق حکومتوں کی جانب سے انجام دئے گئے تعمیراتی کاموں کو پی ڈی پی اور بی جے پی نے ضائع کردیا اور ریاست کے تینوں خطوں میں رہ رہے لوگوں کو اس عرصے کے دوران انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔غلام احمد میر کاکہنا تھا کہ متحدہ ترقیاتی اتحاد اول اور دوم کی طرف سے شروع کئے گئے تعمیراتی پروجیکٹ کو پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت نے اپنی غیر منصفانہ اور عوام کش پالیسیوں کے نتیجے میں تباہ کردیا جس کے نتیجے میں جموں، کشمیر اور لداخی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقعے پر انہوں نے وزیرا عظم نریندر مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ موصوف کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کھوکھلے نعروں کی آڑ میں عوام کوگمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا بھاجپا کو صرف سیاسی فائدوں کی فکر لاحق ہیں۔غلام احمد میر کاکہنا تھا کہ پی ڈی پی کی ناقص پالیسیوں کے نتیجے میں جنوبی کشمیر کے عوام کو اذیت ناک مراحل کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں لوگوں کے اندر نااُمیدی گھر کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کی ہلاکتوں اور مسلسل خونریزی نے پی ڈی پی کو عوام کے درمیان مکمل طور پر بے نقاب کردیا ہے۔اس موقعے پر پارٹی کے دیگر لیڈران بشمول علی محمد منتو، پیر شہباز ، محمد اقبال آہنگر، تنویر احمد خان، حامد ملک، یوتھ صدر طارق محی الدین، شاہد بٹ، امتیاز احمد وغیرہ بھی موجود تھے۔
پی ڈی پی اور بھاجپاکی طرف سے درپردہ اُمیدواروں کا استعمال
سابق مخلوط حکومت نے کشمیر کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا: غلام احمد میر