الحاق خبر ۔۔۔۔۔۔۔شوپیان ضلع میں ٹریفک نظام کو درست کرنے کےلئے ڈپٹی کمشنر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ محکمے نے بڑے پیمانے پر کاروائی شروع کرکے کئی گاڑیوں کو ضبط کیا جبکہ غیر قانونی طور گاڑیوں کو پارک کرنے اور کاغذات کی کمی کے باعث 12 ہزار روپئے کا جرمانہ وصول کیا گیا ۔شوپیان سے الحاق کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ضلع میں عرصہ دراز سے ٹریفک نظام پوری طرح درہم برہم ہوکے رہ گیا ہے جس کے باعث لوگوں خاص کر تجارت پیشہ افراد کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔نمائندے نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ضلع میں ٹریفک نظام کو درست کرنے کےلئے ڈپٹی کمشنر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد کو آگاہی فراہم کی جس کے بعد ڈپٹی کمشنر شوپیان نے اس حوالے سے افسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے ٹرانسپورٹ محکمے کےاے آر ٹی او اور تحصیلدار ہیڈکواٹر شوپیان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جنہیں ضلع میں غیر قانی طور پارک کرنے والے گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کاروائی کرنے اور مال بردار گاڑیوں کو پیک اوقات میں ٹاون میں داخل نہ ہونے کا پابند بنانے کا کام سونپ دیا گیا ۔نمائندے نے بتایا کہ بدھ کے روز ٹرانسپورٹ محکمے کے آے آر ٹی او اورتحصیلدار شوپیان کی قیادت میں ٹیم نے ضلع ہیڈکواٹر پر کئی بازاروں کا دورہ کیا جس دوران 40 سے زائد گاڑیوں کو غیر قانونی طور پارک کرنے اور کاغزات مکمل نہ ہونے میں پایا گیا اور مزکورہ گاڑیوں کے مالکان سے موقعہ پر ہی 12ہزار روپئے کا جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ 2 مال بردار گاڑیوں کو خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ضبط کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد نے الحاق کو بتایا کہ ضلع میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کےلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور کسی بھی شخص کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اخازت نہیں دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ تب تک برابر جاری رہے گا جب تک نہ مقامی لوگوں خاص کر تجارت پیشہ افراد کو راحت ملے گی ۔
شوپیان میں ٹریفک نظام کو درست کرنے کےلئے بڑے پیمانے پر کاروائی شروع۔
کسی بھی شخص کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اخازت نہیں دی جائیگی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر شوپیان