بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے انسانی خون کی ارزائی رُکنے کا نام نہیں لے رہی :گیلانی

شوپیان جان بحق جنگجوئوں کو خراج عقیدت،بے تحاشے طاقت کے استعمال پر مزمت

بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے انسانی خون کی ارزائی رُکنے کا نام نہیں لے رہی :گیلانی

سرینگر۱۳، اپریل ؍کے این ایس ؍ چیرمین حریت (گ) سید علی گیلانی نے شوپیان معرکے میں شہید ہوئے مجاہدین عابد احمد وگے اور شاہ جہاں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا، جبکہ قابض افواج کی جانب سے مظاہرین پر طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے 20سے زائد افراد کوزخمی کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی خون کی ارزائی رُکنے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے جمہوری اور تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف اور صرف بندوق اور بارود سے حل کرنا چاہتا ہے ۔ کے این ایس کو موصولہ بیان میں گیلانی نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کے لوگوں کے حقِ آزادی کو جبری طور پر چھین لیا ہے ، جس کے لیے یہاں کے نوجوانوں عظیم اور بے مثال قربیان پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرفروش کشمیری قوم کی مظلومیت اور محکومیت ختم کرنے کے لیے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ہم پر ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ان کی قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے حصولِ مقصد تک جدوجہد کو ہر قیمت پر اور ہر صورت میں جاری وساری رکھیں۔ حریت چیرمین نے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے ہم نے ایک طویل جدوجہد کی ہے اور اس میں ہم نے آج تک 6؍لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔ وہ کوئی گھر یا خاندان نہیں، جس کو زخم نہیں لگے ہیں اور جس نے قربانیوں میں اپنا حصہ پیش نہ کیا ہو۔ حریت راہنما نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ الیکشن ڈراموں میں حصہ لینا اور ووٹ ڈالنا نہ صرف ان قربانیوں کے ساتھ غداری اور سودابازی ہے، بلکہ اس طرح سے ہم بھارت کو جواز فراہم کر کے جبری فوجی قبضے کو مضبوط بنانے کے مجرم بن جاتے ہیں۔ ووٹ ڈال کر ہم خود اپنے ہاتھوں آنے والے نسل کی گردنوں میں طوقِ غلامی پہناتے ہیں اور ان کے مستقبل کو تاریک بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرکے ہم بھارت کے حکمرانوں کو ایک واضح پیغام دیں کہ ہمیں کسی بھی طرح کے الیکشن ڈرامے منظور نہیں، بلکہ ہم صرف حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں اور جب تک ہمارا یہ مطالبہ پورا نہیں ہوگا، ہم اپنی جدوجہد کو ہر صورت میں اور ہر قیمت پر جاری وساری رکھیں گے۔حریت راہنما نے عوام بالخصوص نوجوان نسل کی قربانیوں کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ تحریک آزادی کے ساتھ والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور ان کے جذبۂ آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت دبانہیں سکتی۔ حریت چیرمین نے آزادی پسند عوام بالخصوص نوجوانوں سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ کریں وہ ضرور ہماری مدد کرکے ہمیں بھارت کے جبری فوجی قبضے سے آزادی نصیب فرمائے گا، مگر شرط یہ ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی مدد حاصل کرنے کے لیے اپنے آپ کو اس کا مستحق بنائیں اور ہر سطح اور ہر موقعہ پر نظم وضبط کا مظاہرہ کرکے اپنی مقدس تحریک کے خلاف ہورہی گھناؤنی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور دشمن کی چالوں سے خبردار رہتے ہوئے تحریک آزادی کو انتشار کی نذر کرنے کی تمام مذموم حربوں کو ناکام بنائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.