سرینگر۱۵، اپریل ؍کے این ایس ؍ سابق وزیراعلیٰ اورپی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کوجنوبی کشمیرمیں اُسوقت عوامی مزاحمت کاسامناکرناپڑاجب موصوفہ کی گاڑیوں کے قافلے پرکھرم سرہامہ علاقہ میں نامعلوم افرادنے سخت پتھرائوکیا۔کشمیر نیوزسروس (کے این ایس )کومعلوم ہواکہ اپنی انتخابی مہم کے دوران پی ڈی پی صدراورپارٹی کی اُمیدواربرائے پارلیمانی حلقہ اننت ناگ محبوبہ مفتی نے جنوبی ضلع اننت ناگ کھرم سرہامہ علاقہ میں واقع ایک زیارت گاہ پرکچھ لیڈروں اورکارکنوں کے ہمراہ حاضری دی ،اورجب محبوبہ مفتی کی گاڑیوں کاقافلہ واپس بجبہاڑہ کی جانب آرہاتھاتوراستے میں نامعلوم نوجوانوں نے قافلے پرشدیدپتھرائو کیا۔سنگباری کی زدمیں آکر ایک گاڑی کونقصان پہنچاجبکہ اسکاڈرائیورسر میں پتھرلگنے سے زخمی ہوگیا۔مقامی لوگوں کے بقول پتھرائوکی وجہ سے کچھ گاڑیوں کے شیشے چکناچورہوگئے تاہم ایک گاڑی کوزیادہ نقصان پہنچا،اوراسی گاڑی کے ڈرائیورکوچوٹ بھی لگی ،اوراُسکواسپتال منتقل کیاگیا۔معلوم ہواکہ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی حفاظت پرمامورسیکورٹی اہلکاروں نے سنگباری کرنے والوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ انہوں نے محبوبہ مفتی اورپی ڈی پی کے دوسرے کچھ لیڈروں کویہاں سے بحفاظت نکال کربجبہاڑہ پہنچادیا۔پولیس ذرائع نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سنگباری کرنے والوں کیخلاف معاملہ درج کرکے اُنکی تلاش شروع کردی گئی ۔
محبوبہ مفتی کے قافلے پر کھرم سرہامہ میں پتھرائو
ایک گاڑی کونقصان ،ڈرائیورزخمی ،سابق وزیراعلیٰ محفوط