کشتواڑ۱۵، اپریل ؍کے این ایس ؍ کشیدگی وتنائومیں کمی اورامن وقانون کی صورتحال میں بہتری کے بعدحکام نے کشتواڑ میں 7 روزسے جاری کرفیومیں سوموارکو 3 گھنٹے کی ڈھیل دی ، جس دوران یہاں لوگوں نے گھریلوسامان بشمول اشیائے خودونوش اورادویات وغیرہ کی بازارجاکرخریداری کی ۔ اس دوران حالات میں بہتری کو مد نظر رکھ کر انتظامیہ نے ضلعے میں ایک ہفتے سے معطل رہنے والی انٹرنیٹ سروس بحال کر دی ہے جس کے باعث علاقے سے تعلق رکھنے والے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ تاجروں اور طلبہ نے راحت کی سانس لی ۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق خطہ چناب کے کشتواڑ علاقے میں یک ہفتے سے نافذ کرفیو میں انتظامیہ نے حالات میں بہتری کو دیکھ کر سوموار کے روز کرفیو میں 3 گھنٹے کی ڈھیل دی ، جس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بازاروں کا رخ کرکے ایشیائے ضروریہ کی جم کر خریداری کی ۔ معلوم ہواکہ سیول اورپولیس حکام نے مجموعی صورتحال کاجائزہ لینے کے بعدسوموارکی صبح کشتواڑقصبہ میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری کرفیومیں ڈھیل دینے یانرمی لانے کافیصلہ لیا،جسکے بعددن کے12بجے سے سہ پہر3بجے تک کرفیوہٹالیاگیاتاہم حساس مقامات پرپولیس وفورسزکے دستے تعینات رکھے گئے تاکہ کسی بھی صورتحال پرفوری طورقابو پایاجاسکے ۔ڈپٹی کمشنرکشتواڑاے ایس رانانے اسکی تصدیق کرتے ہوئے میڈیاکوبتایاکہ مجموعی صورتحال میں بہتری کے بعدسوموارکوکشتواڑ قصبے میں دن کے بارہ بجے سے تین گھنٹے کیلئے کرفیوہٹالیاگیا۔انہوں نے کہاکہ کرفیوہٹائے جانے کیساتھ ہی قصبہ میں بازارکھل گئے اورخریداری کیلئے آئے لوگوں کارش بڑھ گیا۔انہوں نے کہاکہ اگرصورتحال بہتررہی اورکوئی ناخوشگوارواقعہ رونمانہیں ہواتوشام کے وقت کرفیومیں پھرکچھ گھنٹوں کیلئے نرمی لائی جائیگی ۔اس دوران قصبہ کشتواڑ میں سات روزبعدموبائل انٹرنیٹ سروس بھی بحال کی گئی ۔خیال رہے گزشتہ دنوں 9اپریل بروزمنگل وارکونامعلوم اسلحہ برداروں نے ضلع اسپتال کشتواڑ میں اندھادھند گولیاں چلاکرمحکمہ صحت میں تعینات آرایس ایس سے وابستہ ایک مقامی لیڈرچندرکانت شرمااوراُسکے ذاتی محافظ کوشدیدزخمی کردیاتھا،اورکچھ وقت بعددونوں زخمی دم توڑبیٹھے تھے ۔ہلاکت خیز واقعے کے بعدقصبہ میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اورحکام نے ممکنہ گڑھ بڑھ یافرقہ وارانہ فسادات سے بچنے کیلئے کشتواڑ کے پورے قصبے میں کرفیونافذکردیاتھا۔ غورطلب ہے کہ12اپریل کوبھی یہاں ایک گھنٹے کیلئے کرفیومیں نرمی لائی گئی تھی لیکن اس دوران کچھ مقامات پرمظاہرے ہونے کے بعدحکام نے پھرکرفیولاگوکردیاتھا۔یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ پولیس نے لگ بھگ ایک درجن افرادکوشک کی بناء پرحراست میں لے لیاہے ،اورحکام نے گزشتہ روزیہ دعویٰ کیاتھاکہ گرفتار شدگان میں شامل ایک ملزم نے آرایس ایس لیڈرکی ہلاکت میں ملوث جنگجوکی نشاندہی کی ہے۔
کشتواڑ میں حالات میں بہتری، کرفیو میں 3 گھنٹے کی ڈھیل
لوگوں نے جم کر بازاروں سے خریداری کی ، ایک ہفتے بعد انٹرنیٹ سروس بحال