سرینگر۱۶، اپریل ؍کے این ایس ؍ پی ڈی پی صدر اورسابق وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے نئی دہلی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری جیلوں کو گوانتانامو بے جیسی بدنام زمانہ جیلوں میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ سماجی رابطہ گاہ سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ’’جیلوں میں بند قیدی بنیادی انسانی حقوق کی بہتر فراہمی کا معقول حق رکھتے ہیں اور بزور قوت قیدیوں کے احتجاج کو کچلنا بدترین پامالی ہے۔ قیدیوں نے مقدس کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی ہوجانے کے بعد احتجاج کیا۔ حکومت ہندوستان نے کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے اوریہاں قائم حقیقی قیدخانوں کو بدنام زمانہ گوانتانامو بے جیسے جیل خانوں میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے‘‘۔خیال رہے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا ٹویٹ اْس وقت سامنے آیا جب سنٹرل جیل سرینگر میں بند قیدیوں کے رشتہ داروں نے جیل میں گزشتہ دنوں تشدد آمیز واقعات رونما ہونے اور بعد ازاں یہاں قیدیوں کے ساتھ انتظامیہ کے نارروا سلوک کے خلاف احتجاج کیا۔اس حوالے سے مقامی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا خلاصہ کرتے ہوئے بتایا کہ جیل انتظامیہ کے غیر انسانی سلوک کے بعد قیدیوں نے بھوک ہڑتال شروع کرتے ہوئے اپنے جائز مطالبات کو فوری طور پر حل کرنے کیساتھ ساتھ 5اپریل2019کو سنٹرل جیل سرینگر کے اندرتشدد آمیز واقعات میں مبینہ طور پر ملوث قیدیوں کے خلاف دائر مقدمات کو واپس لینے کا بھی مطالبہ شروع کردیا ہے۔احتجاج پر بیٹھے قیدیوں نے جیل سپرانٹنڈنٹ کے فوری تبادلے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔