پی ڈی پی نے بھاجپا کا ہاتھ تھام کر ریاست کو تباہ و برباد کردیا: نیشنل کانفرنس

جنوبی کشمیر میں نیشنل کانفرنس کی چنائوی مہم جاری

پی ڈی پی نے بھاجپا کا ہاتھ تھام کر ریاست کو تباہ و برباد کردیا: نیشنل کانفرنس

سرینگر۱۹، اپریل ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس ہی جموںوکشمیر کی واحد ایسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جو ریاست کی خصوصی پوزیشن، دفعہ370، 35اے اور مذہبی ہم آہنگی کی مشعل کوفیروزاں رکھ سکتی ہے اور ریاستی مفادات کیلئے کوئی بھی قربانی دے سکتی ہے ۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے لیڈران نامزد اُمیدوار جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے اننت ناگ میں مختلف عوامی اجتماعات اور پارٹی کارکنوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے پارلیمانی نشست اننت ناگ کے امیدوار جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے کہا نیشنل کانفرنس ہی جموںوکشمیر کی واحد ایسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جو ریاست کی خصوصی پوزیشن، دفعہ370، 35اے اور مذہبی ہم آہنگی کی مشعل کوفیروزاں رکھ سکتی ہے اور ریاستی مفادات کیلئے کوئی بھی قربانی دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی والے آج پھر سے عوام سے ووٹ مانگنے نکلے ہیں ، لیکن پہلے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ان لوگوں نے ریاست کا کیا حال کیا۔ ’’محبوبہ مفتی کہتی ہیںکہ وہ بھاجپا کیساتھ دوبارہ ہاتھ نہیں ملائیں گی، لیکن موصوفہ شائد بھول گئی ہیں کہ 2014میںبھی انہوں نے اسی نعرے پر لوگوں سے ووٹ مانگے۔ محبوبہ مفتی، اُن کے والد مرحوم اور دیگر لیڈران نے 2014میں ہر ایک انتخابی جلسے میں کہا کہ بی جے پی کو روکنے کیلئے پی ڈی پی کو جتوانا ضروری ہے اور لوگ ان باتوں میں بہہ گئے اور آج اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔‘‘ این سی لیڈر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اُس وقت مرحوم مفتی صاحب کے سامنے دوستی کا ہاتھ بڑھایا اور کہا کہ مفتی صاحب جس رستے پر آپ جارہے ہیں وہ ریاست کو تباہی کی اور لے جائیگا، خدارا بھاجپا کیساتھ اتحاد مت کیجئے، نیشنل کانفرنس آپ کو وزیر اعلیٰ بننے کیلئے غیر مشروط حمایت دینگے، ہمیں کوئی چیز نہیں چاہئے ، آپ 6سال ریاست کو چلایئے۔‘‘ لیکن افسوس کی بات ہے کہ پی ڈی پی والوں نے اس وقت کہا کہ نیشنل کانفرنس والوں کی جیب خالی ہے اور کانگریس والے ہمیں کچھ نہیں دے سکتے۔ انہو نے کہامحبوبہ مفتی کی حکومت میں خواتین اور بچوں تک کو بھی نہیں بخشا گیا۔ سابق پی ڈی پی بھاجپا مخلوط حکومت کی غلط پالیسیوں اور عوام کُش اقدامات سے آج کشمیریوں کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہاہے، گذشتہ 4سال میں عوام کیخلاف زور آزمائی کی پالیسی اختیار کرکے کشمیریوں کو پشت بہ دیوار کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ’’پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے قیام کے بعدیہاں ایسے حالات برپا کئے گئے کہ آئے روز نوجوانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، ہمارے بچے مارے جارہے ہیں، یہ ظلم و جبر کس نے شروع کیا، 2015سے قبل تو یہاں ایسے حالات نہیں تھے، یہاں تو چاروں طرف امن و امان تھا ،ریاست ترقی کی منزلوں کو چھو رہی تھی، بے شمار سیاح یہاں سیر کیلئے آتے تھے، سیکورٹی فورسز کی آبادی والے علاقوں میں موجودگی نہ ہونے کے برابر تھی۔لیکن پی ڈی پی نے بدترین حکمرانی کرکے یہاں کے امن کو تہس نہس کردیا۔پارٹی لیڈران نے کہا کہ نیشنل کانفرنس وہ واحد جماعت ہے جس نے ریاست جموں و کشمیر کے مفادات کے تحفظ کیلئے جانی اور مالی قربانیاں دیں ہیں۔ مسعودی نے کہا کہ کوئی بھی جماعت نیشنل کانفرنس کی ثانی نہیں ہوسکتی، یہاں جو بھی پارٹیاں آتی ہیں اُن کی کمان ریاست سے باہر کشمیر دشمنوں کے ہاتھوںمیں ہوتی ہیں اور ان جماعتوں کا کام کشمیر دشمنوں کے خاکوں میں رنگ بھرناہوتا ہے، جس کا ملاحظہ کشمیری قوم نے گذشتہ4سال کے دوران کیا۔پارٹی لیڈران اور عہدیداران نے آنے والے پارلیمانی انتخابات میں پارٹی اُمیدوار کی جیت کیلئے تن دہی سے محنت کرنے کا عہد کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.