سرینگر۲۰، اپریل ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس نے اترپردیش میں بھاجپا کے لیڈر رنجیت بہادر شری واستو کے اُن ریمارکس کو شرانگیز قرار دیا ہے جس میں موصوف نے کہا ہے کہ ’مسلمانوںکو ختم کرنا ہے تو مودی کو ووٹ دو‘۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس ترجمان نے کہا کہ بھاجپا کے لیڈر رنجیت بہادر شری واستو کے اس بیان سے بھاجپا کی اصلیت،مسلم دشمنی اور دہشت گرد سوچ کھل کر سامنے آگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شری واستو نے اپنی زہر افشائی میں مودی سرکار کی مسلم مخالف پالیسی بھی بیان کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار بھانپتے ہی بھاجپا نے مذہبی کارڈ کھیلنا شروع کردیا ہے۔ مالے گائوں بم دھماکوں میں ملوث سادھوی پرگیا کو بھوپال سے منڈیٹ دینا اور اب شری واستو کی زبان سے مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش انتخابات کو مذہبی رنگت دینے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی جنگ میں مسلمانوں نے سب سے زیادہ قربانیاں پیش کیں اور اس جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہندوستان کی آزادی میں مسلمان قربانیاں پیش کررہے تھے وہیں آر ایس ایس والے انگریز سامراج کے تلوے چاٹنے میں مصروف تھے۔ نیشنل کانفرنس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کی کہ مذکورہ بھاجپا لیڈران کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔
بھاجپا لیڈر کی زہرافشائی بی جے پی کی مسلم مخالف پالیسی کی عکاس
الیکشن کمیشن آف انڈیا سخت کارروائی کرے: نیشنل کانفرنس