سرینگر۲۲، اپریل ؍کے این ایس ؍ کانگریس نے ووٹران پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی کشمیر میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران مودی، مفتی اور دیگران کی گمراہ کن سیاسی پالیسیوں کو ناکام بنانے کے لیے کانگریس پارٹی کو بڑھ چڑھ کر ووٹ دیں۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق کانگریس نے ووٹران پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر کی پارلیمانی نشست پر پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران عوام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر مودی، مفتی اور دیگران کی گمراہ کن سیاسی پالیسیوں کو ناکام و نامراد بنائیں۔پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پرامید ہے کہ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے باشندے بڑے تعداد میں پولنگ مراکز کا رخ کرکے نریندر مودی ، محبوبہ مفتی اور دیگرمفاد پرست سیاست دانوں کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندرمودی اور محبوبہ مفتی کا کام عوام کو سیاسی مفاد کی خاطر تقسیم کرنا ہے تاہم ہم اس بار اُمید کرتے ہیں کہ لوگوں کو زمینی حالات کا بھر پور ادراک حاصل ہے اور وہ بخوبی جانتے ہیں کہ بی جے پی اور پی ڈی پی نے وادی کشمیر بالخصوص جنوبی کشمیر کو تباہی کے کس دہانے پر پہنچادیا۔انہوں نے بتایا کہ وقت آچکا ہے کہ مودی اور محبوبہ مفتی کی موقعہ پرست اور تقسیمی سیاست کا معقول جواب دیا جائے اور موجودہ پارلیمانی انتخابات میں ان فرقہ پرست اور موقعہ پرست سیاسی پارٹیوں کو منہ توڑ جواب دیاجائے تاکہ ریاست میں امن و امان اور ترقی کا دور دورہ ہو۔انہوں نے اننت ناگ کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جوق در جوق پولنگ مراکز کا رخ کرکے کانگریس پارٹی کے حق میں ووٹ دیں تاکہ فرقہ پرست، تقسیمی اور موقعہ پرست سیاست کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہا جائے۔ترجمان نے بتایا کہ کانگریس قطعی طور پر اسبات کی اجازت نہیں دے گی کہ پی ڈی پی ، بی جے پی یا دیگر فرقہ پورست قوتیں کشمیریوں کے جذبات و احساسات کے ساتھ کھلواڑ کرکے اپنے سیاسی محل تعمیر کریں۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہر ہمیشہ عوام کی خواہشات کا احترام کیا ہے چاہے وہ جموں ہو، لداخ ہو یا کشمیر ہو۔
مودی، مفتی اور دیگر موقعہ پرست سیاست دانوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے: کانگریس
اننت ناگ کے عوام جوق در جوق پولنگ مراکز کا رخ کرکے کانگریس کے حق میں ووٹ ڈالیں