سوپور۲۲، اپریل ؍کے این ایس ؍ نامعلوم افراد نے ایس ایس پی آفس سوپور پر ہتھ گولہ داغا جو مین گیٹ پر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا تاہم دھماکے میں کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ادھر حملے کے فوراً بعد فورسز نے ملحقہ علاقوں میں حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی غرض سے تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیںلائی گئی۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نامعلوم افراد نے سوموار دوپہر کو ایس ایس پی آفس سوپور پرہتھ گولہ داغا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا تاہم دھماکے میں کسی بھی قسم کے مالی یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق سوپور کے مین قصبہ سوموار کی دوپہر کو اُس وقت افرا تفری کا ماحول پید اہوا جب نامعلوم افراد نے یہاں قائم ایس ایس پی آفس کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ہتھ گولہ داغا۔ معلوم ہوا کہ ہتھ گولہ نشانہ چوک کر ایس ایس پی آفس کے مین گیٹ کے سامنے گرکر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں یہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوا۔ نمائندے کے مطابق اس موقعے پر یہاں بازاروں میں موجود لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے جبکہ دوکانداروں اور تجارتی اداروں نے اپنی دکانات کو کھلا چھوڑ کر یہاں سے بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی ۔ دھماکے کے بعد یہاں کچھ دیر کے لیے سراسیمگی کی کیفیت پھیل گئی جبکہ سڑکوں پر سے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی کچھ دیر کیلئے متاثر ہوئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ادھر حملے کے فوراً بعد فوج، ایس او جی اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ حکام نے یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیاجس کے بعد فورسز نے آس پاس کے علاقوں میں حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی غرض سے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔
ایس ایس پی آفس سوپور پر جنگجوئوں کا حملہ
ہتھ گولہ نشانہ چوک کر سڑک پر پھٹ گیا،جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں