سرینگر۲۵، اپریل ؍ ؍ حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے بجبہاڑہ معرکے میں جاں بحق جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیر میں انسانی حوق کی ارزانی رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے بجبہاڑہ معرکے میں شہید ہوئے مجاہدین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی خون کی ارزائی رُکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے جمہوری اور تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف اور صرف بندوق اور بارود سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی غیر یقینی سیاسی صورتحال اور عدمِ استحکام کی وجہ سے قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوجاتی ہے، جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کا احترام کرنے کے بجائے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر اڑے ہوئے ہیں اور اس خطے پر طاقت کے زور پر اپنا جبری قبضہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ حریت (گ)چیرمین نے کہا کہ بھارت کے اسی غیر حقیقت پسندانہ رویہ نے ہمارے نوجوانوں کو سرفروشی کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے، کیونکہ ہماری قوم نے بھارت کے جبری قبضے کے خلاف ایک پُرامن تحریک چلائی اور وہ جمہوری طریقے سے اپنے حقوق کی بازیابی کے لیے جدوجہد کرتے رہے، البتہ بھارت نے ہمیشہ یہاں کی سیاسی تحریک کو کبھی پنپنے کا موقع فراہم نہیں کیا جس وجہ سے جموں کشمیر ایک جنگ کے میدان میں تبدیل ہوگیا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پسِ منظر اور زمینی حقائق کی بنیاد پر حل نہیں کیا گیا تب تک جموں کشمیر میں خون کی ارزانی جاری رہے گی اور طاقت سے تو قبرستان آباد کئے جاسکتے ہیں، لیکن کبھی بھی امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔
کشمیر میں خون خرابے کیلئے بھارت ذمہ دار: گیلانی
بھارت مسئلے کو بندوق اور بارود سے حل کرنے کا خواہاں