کانگریس ہی فسطائی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے: غلام احمد میر

پی ڈی پی نے حصول اقتدار کی خاطر عوامی منڈیٹ کا سودا کیا

کانگریس ہی فسطائی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے: غلام احمد میر

کولگام۲۵، اپریل ؍ ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہی تمام فسطائی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے موقعے پر پی ڈی پی اور دیگر موقعہ پرست جماعتیں عوام کو گمراہ کرنے کی خاطر ان کی خواہشات اور احساسات کے ساتھ کھلواڑ کرتی ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے جمعرات کو کولگام کے کئی علاقوں میں عوامی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی ہی تمام فسطائی قوتوں کا مقابلہ کرنے کی اہل ہے۔انہوں نے بتایا کہ جو قوتیں ریاست کی خصوصی شناخت کو نقصان پہنچانے کی تاک میں ہیں کانگریس پارٹی کے پاس اتنی صلاحیت موجود ہیں کہ وہ ایسی قوتوں کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے پی ڈی پی، بی جے پی اور دیگر موقعہ پرست سیاسی پارٹیوں پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جماعتیں ہر ہمیشہ سے الیکشن کے موقعے پر عوام کو گمراہ کرنے کی خاطر ان کے جذبات اور احساسات کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان سیاسی جماعتوں کی گمراہ کن اور دھوکے پر مبنی سیاست نے کشمیری عوام کا جینا محال کردیا ہے اور اب لوگ ان کی خود غرض سیاست سے بہت تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ الیکشن کے روز پولنگ مراکز کا رخ کرکے کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا بھر پور استعمال کریں۔ انہوں نے لوگوں سے پی ڈی پی اور دیگر موقعہ پرست سیاسی جماعتوں کی چالبازیوں سے ہوشیا ررہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران ان پارٹیوں کو اپنے کئے کرائے کا بھر پور صلہ ملنا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی ہی ریاست کی خصوصی پوزیشن کا دفاع کرسکتی ہیں اور ریاست کے تینوں خطوں کی تعمیر و ترقی کی ضامن ہے۔اس موقعے پر غلام احمد میر نے بھاجپا صدر امت شاہ پر برستے ہوئے کہا کہ موصوف عوام کو گمراہ کرنے کی خاطر الیکشن ریلیوں میں دفعہ 370کو منسوخ کرنے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ چھیڑ خوانی کرسکے۔غلام احمد میر نے بتایا کہ دفعہ 370 ریاست اور مرکز کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے پی ڈی پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ مذکورہ جماعت ہی کشمیر میں جاری غیر یقینی صورتحال کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے حصول اقتدار کی خاطر عوامی خواہشات کا سرعام سودا کیا اور یوں لوگوں کو منڈیٹ سے دن کی روشنی میں کھلواڑ کیا۔اس موقعے پر کانگریس صدر کے ہمراہ حاجی عبدالرشید، محمد امین بٹ، ہلال احمد شاہ، ونود کول، فاروق احمد بٹ، ایڈوکیٹ ہاشم اور دیگر لیڈران موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.