عوام کھوکھلے وعدوں پر کان نہ دھریں، وزیر اعظم جیسا مطالبہ ناممکن
سرینگر۲۷، اپریل ؍کے این ایس ؍ بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور کشمیر اُمور کے ماہر رام مادھو نے جنگجوئوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی کو ممکن بنانے کیلئے جنگجوئیت کا خاتمہ لازمی ہے۔مین اسٹریم علاقائی سیاسی پارٹیوں کو تنبیہ کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے اور اس کو کوئی مائی کا لعل ہم سے الگ نہیں کرسکتا۔ چنائوی جلسوں کے دوران مختلف پارٹیوں کی طرف سے کئے جارہے وعدوں پر بولتے ہوئے رام مادھو نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کو سختی کیساتھ مسترد کریں جو ریاست کی خصوصی پوزیشن کا دفاع اور یہاں علیحدہ وزیراعظم کی مانگ کررہے ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور کشمیر اُمور کے ماہر رام مادھو نے سنیچر کو اننت ناگ کے ڈاک بنگلہ میں میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے جنگجوئوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے جنگجوئیت کا خاتمہ لازمی ہے۔ رام مادھو کے مطابق اگر ریاست میں تعمیر و ترقی کو ممکن بنانا ہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ جنگجوئوں کا خاتمہ ہو کیوں اس کے بغیر ریاست میں تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر جنگجوئوں کا خاتمہ کرنے میں اُن کو تعاون فراہم کریں۔بی جے پی لیڈر نے بتایا کہ کشمیر میں جونہی جنگجوئیت کا خاتمہ ہوگا تب ہی یہاں تعمیر و ترقی کا دور دورہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا جو طریق کار ہوتا ہے وہی طریقہ بی جے پی کا بھی ہوگا۔ہم یہاںتعمیر و ترقی کی سیاست کریں گے لیکن اگر یہاں کی تعمیری و ترقی میں کوئی چیز رکاوٹ ہیں تو وہ یہاں کی علاقائی مین اسٹریم سیاسی پارٹیاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کشمیر ہندوستان کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے جس کو کوئی بھی طاقت ملک سے الگ نہیں کرسکتی۔ جنگجوئوں اور علیحدگی پسندوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے بی جے پی لیڈر رام مادھو کا کہنا تھا کہ کشمیر کسی کی ماں یا باپ کی جاگیر نہیں ہے کہ کوئی ہمیں اس کو چھوڑنے کو کہے اور ہم بغیر مزاحمت کے اس کو چھوڑ دیں، یہ ہندوستان کا حصہ ہے۔ کشمیر ہندوستان کے کروڑوں بھارت واسیوں کا دیش ہے۔ کشمیر کو الگ کرنے والے اپنی زبان کو لگام دیں، ان کو لگتا ہے کہ کشمیر اُن کی ذاتی جاگیر ہے۔رام مادھو نے بتایا کہ موجودہ پارلیمانی چنائو میں ہم صرف تعمیر و ترقی پر ہی سیاست کریں گے اور بقیہ مسائل و معاملات کو بعد میں دیکھا جائیگا۔ریاست میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رام مادھو کا کہنا تھا کہ ریاستی انتظامیہ نے عارضی اقدامات اُٹھائے ہیں اور ہم پرامید ہیں کہ جلد ہی ریاست میں اسمبلی انتخابات کا بگل بجادیا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ ریاست میں جلد ہی لوگوں کی طرف سے منتخب سرکار وجود میں آئیگی۔ علاقائی مین اسٹریم سیاسی پارٹیوں پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے رام مادھو نے بتایا کہ 1975میں مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے اندار گاندھی کے ساتھ ایک سمجھوتہ کیا کیوں کہ ریاست اُس وقت سہی سمت میں نہیں جارہی ہے لہٰذا اُس وقت جو سمجھوتہ تشکیل پایا وہ ریاست کے حق میں تھا لیکن 1987میں نیشنل کانفرنس نے جو سیاسی کارڈ کھیلا اُس کے نتیجے میں ریاست میں تباہی کا باب کھلا اور یوں ایک نیا بیانیہ شروع ہوا۔بی جے پی لیڈر نے بتایا اسی غلط طریق کار کو ملک کے وزیرا عظم نریندر مودی نے سہی سمت دینے کی خاطر 2014میں مرحوم مفتی محمد سعید کیساتھ سمجھوتہ کیا لیکن یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ یہاں کی علاقائی مین اسٹریم سیاسی پارٹیاں ریاست کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنا چاہتی ہے۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق رام مادھو نے بتایا کہ بی جے پی ریاست میں امن کو بحال کرنے کی خاطر ایک روڑ میپ پر کام کررہی ہے۔ ہم نے ریاست میں امن کو بحال کرنے کی خاطر ہی اُن لوگوں (پی ڈی پی) کیساتھ اتحاد کیا جن کیساتھ ہمارا نظریاتی اختلاف ہے، ہم نے اُن کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کی، ہم نے کشمیر کے اندر تعمیر و ترقی کو ممکن بنانے کے لیے ہی پی ڈی پی کیساتھ اتحاد کیا۔ بی جے پی مستقبل میں بھی کشمیر میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپنی کوششیں جاری و ساری رکھے گی۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں جونہی صورتحال بہتر ہوگی تو الیکشن کمیشن آف انڈیا اسمبلی انتخابات کا باضابطہ اعلان کریگی۔رام مادھو نے بتایا کہ شمالی کشمیر اور وسطی کشمیر میں چنائو کے دوران عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے اور ہم جنوبی کشمیر کے عوام سے بھی اُمید کرتے ہیں کہ وہ پولنگ کے روز جوق در جوق ووٹ ڈالنے آئیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، کانگریس اور دیگر سیاسی پارٹی کی جانب سے کئے جارہے وعدوں پر کوئی کان نہ دھریں کیوں کہ لوگوں کے ساتھ ایسے وعدوں کئے جارہے ہیں جو ناممکنات میں سے ہیں، لہٰذا لوگوں کو ایسے عناصر کو یکسر مسترد کردینا چاہیے۔ملک بھر میں مودی لہر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری رام مادھو نے بتایا کہ ملک کا ہر باشندہ اس بات کو جانتا ہے کہ نریندر مودی دوبارہ ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔
کشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ، کوئی مائی کا لعل الگ نہیں کرسکتا
تعمیر و ترقی کیلئے جنگجوئوں کا خاتمہ لازمی: رام مادھو