کئی مقامات پرپُرتشددمظاہرے ،2درجن افرادزخمی؛ مکان زمین بوس،علاقے میں ہڑتال،ریل و انٹرنیٹ سروس معطل
سرینگر ۰۳ ، مئی ؍کے این ایس ؍ اننت ناگ لوک سبھانشست کیلئے ہورہے انتخابات کے تیسرے مرحلے سے 2روزقبل پہاڑی ضلع شوپیان کے آڑکھارامام صاحب نامی گائوں میں جمعہ کی صبح ہوئی ایک خونین معرکہ آرائی کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ3مقامی جنگجوجاں بحق ہوگئے ،جن میں برہان وانی گروپ کاآخری ممبرلطیف ٹائیگربھی شامل ہے جبکہ گولیاں لگنے سے ایک فوجی اہلکارشدیدزخمی ہوگیا۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق امام صاحب شوپیان کے ایک مضافاتی گائوں آڑکھارمیں کچھ جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعدفوج کی34آرآر،سی آرپی ایف کے انسدادملی ٹنسی اسکارڈاورریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گرئوپ سے وابستہ اہلکاروں نے جمعہ کواذان فجرسے قبل اس پورے علاقے کومحاصرے میں لیکرجنگجومخالف آپریشن شروع کردیا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ انہوں نے اذان فجرسے قبل ہی گھروں کے باہرہلچل سنی۔انہوں نے کہاکہ نمازفجرکیلئے جب لوگ نزدیکی مسجدنمازاداکرنے کیلئے نکلے توانہوں نے گھروں کے باہرفوجی اورفورسزاہلکارچوکنادیکھے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق پختہ اطلاع ملتے ہی فوج ،فورسزاورایس ائوجی اہلکاروں نے آڑکھارامام صاحب شوپیان نامی گائوں کوعلی الصبح سیل کردیا،اوریہاں موجودجنگجوئوں کے فرارہونے کے سبھی راستوں پرسیکورٹی دستے تعینات کئے گئے ۔ذرائع کے مطابق محاصرے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعدیہاں باضابطہ طورپراعلان کیاگیاکہ سیکورٹی دستوں نے اس پورے علاقے کوچاروں اطراف سے محاصرے میں لے لیاہے ،اسلئے لوگ اپنے گھروں میں ہی رہیں ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ یہ اعلان بھی کیاگیاکہ گائوں میں موجودجنگجوخودکوسیکورٹی فورسزکے حوالے کرکے سرنڈرکریں ۔انہوں نے کہاکہ صبح کے وقت جب فوج ،فورسز،ایس ائوجی اورپولیس کے مشترکہ دستوں نے گھرگھرتلاشی کارروائی شروع کی توایک مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے سیکورٹی اہلکاروں پراندھادھندفائرنگ شروع کردی ،جس دوران فوج کاایک سپاہی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔زخمی فوجی اہلکارکوجائے جھڑپ سے نکال کراسپتال روانہ کرنے کے بعدفوج،فورسزاورایس ائوجی اہلکاروں نے مکان میں موجودجنگجوئوں کیخلاف جوابی کارروائی عمل میں لائی ،جسکے نتیجے میں طرفین کے درمیان گولیوں کاتبادلہ شروع ہوگیا۔مقامی لوگوں نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جنگجوئوں اورفوج وفورسزکے درمیان جھڑپ شروع ہونے کے بعدیہاں شدیدنوعیت کی فائرنگ ہوئی جوکافی وقت تک جاری رہی ،جسکے بعدبقول لوگوں کے یہاں سماعت شکن دھماکے بھی ہوئے ،جن سے پوراعلاقہ دہل اُٹھا۔ اُدھرپولیس ذرائع نے بتایاکہ کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس جھڑپ کے دوران تین جنگجومارے گئے ،جن کی نعشیں اورہتھیاروغیرہ جائے جھڑپ سے برآمدکیاگیا۔پولیس نے بتایاکہ جھڑپ کے دوران ایک مکان تباہ ہوگیاجبکہ دیگردورہائشی مکانات کوبھی نقصان پہنچا۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایاکہ مارے گئے تینوں جنگجوئوں کی نعشوں کوشناخت اوردیگرلوازمات کیلئے پولیس تھانہ زینہ پورہ شوپیان منتقل کیاگیا،جہاں اُنکی شناخت سال2014سے حزب المجاہدین سے وابستہ لطیف احمدڈارعرف لطیف ٹائیگرساکنہ ڈوگری پورہ پلوامہ ،طارق مولوی ساکنہ مولوچھترگام شوپیان اورشارق احمدنینگرئوساکنہ چھوٹی گام شوپیان کے بطورہوئی۔بتایاجاتاہے کہ لطیف ٹائیگربرہان وانی گروپ کاآخری ممبرتھاجوگزشتہ 5برسوں سے ملی ٹنسی کے محاذپرسرگرم عمل تھا۔پولیس بیان کے مطابق شناخت کی کارروائی اوردوسرے لوازمات مکمل ہونے کے بعدامام صاحب شوپیان میں مارے گئے حزب المجاہدین سے وابستہ تینوں مقامی جنگجوئوں لطیف ٹائیگر، طارق مولوی اورشارق احمدکی نعشیں لواحقین کے سپردکی گئیں ۔اُدھرآڑکھارامام صاحب شوپیان میں جھڑپ کے دوران لطیف ٹائیگرسمیت تین مقامی جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کی خبرپھیلتے ہی جائے جھڑپ کے نزدیک مشتعل نوجوانوں اورپولیس وفورسزکے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں ،جس دوران نوجوانوں کی سنگباری کے جواب میں سیکورٹی اہلکاروں نے آنسوگیس کے گولے داغے ،پیلٹ فائرنگ کی ،ہوائی فائرنگ کی اورکچھ راست گولیاں بھی چلائیں ۔پولیس وفورسزکی اس کارروائی کے دوران مقامی لوگوں کے بقول کم سے کم20نوجوان پیلٹ فائراوردیگرآہینی ریزے لگنے سے زخمی ہوگئے جبکہ ایک بیس سالہ نوجوان مدثراحمدمیرولدعبدالرشیدساکنہ ووئین شوپیان کی ٹانگ میں گولی لگی ۔سبھی زخمیوں کوضلع اسپتال پلوامہ منتقل کیاگیا،جہاں سے مدثراحمدسمیت تین زخمی نوجوانوں کومزیدعلاج ومعالجہ کیلئے سری نگرمنتقل کیاگیا۔اس دوران شوپیان میں انٹرنیٹ سروس اوریل سروس کواحتیاطی طورپرمعطل رکھاگیا۔بتایاجاتاہے کہ جنگجومخالف آپریشن کے پیش نظرممکنہ افواہوں اوراحتجاجی مظاہروں کے پیش نظرصبح سویرے موبائل انٹرنیٹ سروس اورسری نگرسے قاضی گنڈتک چلنے والی ریل سروس معطل کی گئی ۔دریں اثناء پولیس تھانہ زینہ پورہ شوپیان سے جب امام صاحب میں جاں بحق ہوئے تین مقامی جنگجوئوںلطیف ٹائیگر، طارق مولوی اورشارق احمدکی نعشوں کوآبائی گائوں ڈوگری پورہ پلوامہ،مولوچھترگام شوپیان اورچھوٹی گام شوپیان پہنچایاگیاتوتینوں مقامات پربڑی تعدادمیں لوگ نزدیکی دیہات سے آکرجمع ہوئے ،خراب موسمی صورتحال کے باوجودلوگوں کی بڑی تعدادنے تینوں مقامی جنگجونوجوانوں کی تجہیزوتکفین میں شرکت کی ،اورالگ الگ نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعدلطیف ٹائیگر، طارق مولوی اورشارق احمدکی نعشوں کوآبائی علاقوں میں قائم مقبروں میں سپردلحدکیاگیا۔
انتخابات سے2روزقبل امام صاحب شوپیان میں خونین معرکہ آرائی
برہان وانی کے قریبی ساتھی سمیت3مقامی جنگجوجاں بحق، اہلکار اور شہری زخمی