سرینگر ۶ ، مئی ؍کے این ایس ؍ بی جے پی کی طرف سے آج منگلوار کو سرینگر میں پارٹی کارکنان بشمول نائب ضلع صدر اننت ناگ کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا جائیگا۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں وکشمیر میں پارٹی سے وابستہ لیڈران و کارکنان کی جنگجوئوں کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف آج سرینگر میں احتجاجی کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔کشمیرنیوز سروس کیساتھ بات کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی جنرل سیکرٹری اشوک کول نے بتایا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ بی جے پی سے وابستہ لیڈران و کارکنان کو مارا جارہا ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آج پریس کالونی سرینگر میں ان ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا اور اس دوران ریاستی حکومت کو لیڈران و کارکنان کو سیکورٹی فراہم کرنے پر زور دیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے گل محمد میر کی ہلاکت نے سیکورٹی میکانزم پر کئی سوالات کھڑے کئے ہیں۔گل محمد میر گزشتہ 20برسوں کے پارٹی کیساتھ وابستہ تھے اور انتہائی متحرک رول ادا کرتے رہے۔خیال رہے مارے گئے بھاجپا لیڈر نے سال 2008اور 2014میں اسمبلی انتخابات میں شرکت کی تاہم یہاں اُن کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ادھر بی جے پی کے ایک اور لیڈر نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر کے این ایس کو بتایا کہ وہ آج پریس کالونی میں ہلاکت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی لیڈران بشمول اشوک کول آج ریاستی حکومت کو فراہم کی جاچکی سیکورٹی کو بطور احتجاج واپس کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ ہماری قیادت نے گل محمد میر کی سیکورٹی سے متعلق ایس ایس پی سیکورٹی کو پہلے ہی خط روانہ کیا تھا تاہم اس کے باوجود مارے گئے بی جے پی لیڈر کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ادھر پولیس کے سینئر افسر نے کشمیرنیوز سروس کو بتایا کہ گل محمد میر کو کوئی بھی سیکورٹی نہیں دی گئی تھی کیوں کہ مرحوم سیکورٹی کے دائرے میں آتے ہی نہیں تھے۔پولیس کے مطابق سیکورٹی صرف اُن سیاسی لیڈران و کارکنان کو فراہم کی جاتی ہے جنہیں ریاستی حکومت سیکورٹی دائرے میں لاتی ہے۔دریں اثنا ریاستی گورنرستیہ پال ملک نے بی جے پی نائب ضلع صدر کی ہلاکت پر چیف سیکرٹری کو ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر نے خصوصی ہدایت کرتے ہوئے سیاسی لیڈران و کارکنان کو فراہم کی جارہی سیکورٹی میں کمیوں کو دور کرنے پر زور دیا ہے۔
سیاسی لیڈران کی ہلاکت کیخلاف آج پریس کالونی میں بی جے پی کا احتجاج
اشوک کول اور دیگراں احتجاج کے طور پر سیکورٹی کو واپس کریں گے