سرینگر ۶ ، مئی ؍کے این ایس ؍ کانگریس پارٹی نے پانپورمیں دوبارہ الیکشن کرائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے اُمیدواراور پی ڈی پی کے غنڈوں پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے یہاں جعلی ووٹنگ کا ارتکاب کیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق جموں کشمیر پردیش کانگریس پارٹی نے جنوبی کشمیر کے پانپور حلقے میں دوبارہ پولنگ کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے بقول نیشنل کانفرنس کے پارلیمانی اُمیدار جسٹس (ر) حسنین مسعودی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے نوجوان لیڈر عبدالوحید پرا نے پانپور اور راجپورہ حلقوں میں جعلی ووٹ ڈالے ہیں۔پارٹی ترجمان نے بائز ہائر اسکینڈری اسکول پانپور میں قائم پولنگ مراکز نمبر 4،5،6،7اور 8کے علاوہ گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول نائرہ راجپورہ میں قائم پولنگ مرکز نمبر 113پر دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ یہاں نیشنل کانفرنس کے پارلیمانی اُمیدوار جسٹس (ر) حسنین مسعودی جن کا تعلق پانپور سے ہیں نے جعلی ووٹنگ کا سہارا لیا۔ بقول ترجمان نہ صرف جسٹس (ر) حسنین مسعودی بلکہ سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکنان کو گاڑیوں میں مختلف پولنگ مراکز تک لایا گیا اور ان کے ذریعے سے جعلی ووٹ ڈالے گئے۔انہوں نے کہا کہ معاملے کی نسبت پارٹی نے فوری طور پر رٹرننگ آفسر کے پاس شکایت درج کرکے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔کانگریس نے الزام عائد کیا کہ این سی اُمیدوار جسٹس (ر) حسنین مسعودی اور اُن کے فرزند یاور مسعودی نے اس موقعے پر کانگریس لیڈر کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے ہوئے اُن کا موبائل فون سے چھینا جبکہ اس دوران انہوں نے کانگریس لیڈر کو پولنگ مرکز کے اندر جانے کی بھی اجازت نہیں دی۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح پی ڈی پی لیڈر عبدالوحید پرا نے بھی گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول نائرہ میں قائم پولنگ مرکز 113کو اپنے قبضے میں لیا تھا اور صبح سے ہی یہاں پر کانگریس سے تعلق رکھنے والے الیکشن اجنٹس کو اندر آنے کی اجازت نہیں دے رہا تھا جبکہ وحید پرا کے قریبی ساتھی نے اس دوران کانگریس کارکنان کی بے رحمی کیساتھ مار پیٹ کی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح سے زخمی ہوگیا۔اس ساری صورتحال کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے مذکورہ پولنگ بوتھوں پر نئے سرے سے ووٹنگ کا مطالبہ کیا ہے اورچیف الیکشن افسر جموں کشمیر اور رٹرننگ افسر پر زور دیتے ہوئے یہاں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے چیف الیکشن افسر پر زور دیا ہے کہ وہ این سی اور پی ڈی پی کی طرف سے پولنگ بوتھوں کو قبضے میں لینے کا سنجیدہ سے نوٹس لیں۔
پانپور اور نائرہ میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے: کانگریس
این سی اور پی ڈی پی پر جعلی ووٹنگ کا لگایا الزام