بی جے پی نائب ضلع صدر کی ہلاکت کا معاملہ: جموں میں پارٹی کا احتجاج

ریاستی حکومت ہلاکت کیلئے برابر کی ذمہ دار:کوندر گپتا

بی جے پی نائب ضلع صدر کی ہلاکت کا معاملہ: جموں میں پارٹی کا احتجاج

کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور رہے گا: ست پال شرما
جموں ۶ ، مئی ؍کے این ایس ؍ گزشتہ دنوں مشتبہ جنگجوئوں کی طرف سے بی جے پی کے نائب ضلع صدر برائے اننت ناگ گل محمد میر ساکن کی ہلاکت کیخلاف بی جے پی نے جموں میں واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہلاکت کیلئے حکومت کو بھی برابر کا ذمہ دار ٹھہرایا۔بی جے پی لیڈران اور کارکنان نے اس موقعے پر پاکستان مخالف نعرے بازی کرنے کیساتھ ساتھ اس بات کا دعویٰ کیا کہ کشمیر میں مخصوص طبقہ پاکستان کی شہ پر سیاسی کارکنان کے خلاف ماحول تیار کررہا ہے۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق بی جے پی کے ریاستی لیڈران اور کارکنان نے سوموار کو جموں کے پریس کلب میں گزشتہ دنوں مشتبہ جنگجوئوں کی طر ف سے اننت ناگ کے نائب ضلع صدر گل محمد میر کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ پارٹی لیڈران کی قیادت میں درجنوں بھاجپا کارکنان نے اس موقعے پر گل محمد میر کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کی مانگ کی۔ اس موقعے پر احتجاج میں شامل بی جے پی کارکنان نے پاکستان کے جھنڈے کو نذر آتش کرنے کے علاوہ پاکستان مخالف نعرے بازی کی۔اس موقعے پر بی جے پی کے سینر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کوندر گپتا نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے جو سیاسی کارکنان کی سیکورٹی کو واپس لینے کا سلسلہ شروع ہوا ہے اس کے خطرناک نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں اننت ناگ میں پارٹی کے نائب ضلع صدر گل محمد وار پر جنگجوئوں نے حملہ کرتے ہوئے انہیں ابدی نیند سلادیا۔ اس سے قبل نومبر 2018کوبندوق برداروں نے کشتوار میں بی جے پی کی ریاستی سیکرٹری انیل پریہار اور اُن کے بھائی پر گولیاں چلاکر ہلاک کیا جبکہ گزشتہ ماہ کشتوار کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں نامعلوم بندوق برداروں نے آر ایس ایس کے مقامی لیڈر چندرکانت شرما کو اپنے محافظ سمیت گولیوں سے بھون ڈالا۔کوندر گپتا کے بقول ریاستی حکومت نے جو سیاسی کارکنان کی سیکورٹی کو واپس لینے کا سلسلہ شروع کیا ہے اس کے بھیانک نتائج برآمد ہورہے ہیں۔انہوں نے گل محمد میر کی ہلاکت کیلئے ریاستی حکومت کو برابر کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے بتایا کہ اگر بی جے پی نائب ضلع صدر کی سیکورٹی کو واپس نہیں لیا جاتا تو آج ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔کوندر گپتا کے بقول جو عناصر سیکورٹی کو واپس لینے میں ملوث پائے جائیں اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو سیکورٹی کو واپس لینے میں ملوث ہوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جانا چاہیے۔ادھر پارٹی کے سینئر لیڈر ست پال شرما نے ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر کشمیر میں افرا تفری کا ماحول پید اکرکے کشمیر کو بھارت سے الگ کرنا چاہتے ہیں اُن کے خلاف سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔ ست پال شرما کے بقول کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ جو عناصر کشمیرمیں پاکستان کے کہنے پر آواز اُٹھاتے ہیں، وہاں پرتشدد کارروائیاں انجام دیتے ہیں تاکہ سیاسی کارکنان کو مارا جائے، اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیرمیںایک ایسا ماحول تیار کررہا ہے تاکہ سیاسی کارکنان کی ہلاکت سے متعلق زمین ہموار ہو لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ریاستی حکومت اور مرکزی سرکار کی مشترکہ جدوجہد سے پاکستان کشمیرمیں ناکام ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر میں غالب ہونا چاہتا ہے تاہم ریاست اور مرکزی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں وہ بری طرح سے ناکام ہوچکا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.