سرینگر ۷ ، مئی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس ہیڈکواٹر نوائے صبح کمپلیکس میں آج ایک غیر معمولی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو بہم پہنچائی جارہی بنیادی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی۔جس دورانہوں نے لوگوں کو بہتر سہولیات کی عدم دستیابی پر افسوس کا اظہار کیاہے ۔کشمیر نیوز سروس( کے این ایس ) کے مطابق نیشنل کانفرنس کی جانب سے نوائے صبح کملپس سرینگر میںایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں لوگوں کے مسائل و مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعے پر مقدس ماہ میں لوگوں کو ضروری سہولیات سے محروم رکھنے پر شدید ناراض گی کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کی صدارت جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کی جبکہ اس موقعے پر سٹیٹ سکریٹری چودھری محمد رمضان، سینئر لیڈران پارٹی میر سیف اللہ، عرفان احمد شاہ، شوکت احمد میر، جگدیش سنگھ آزاد، سلام الدین بجاڑ، سید رفیق شاہ، عمران نبی ڈار کے علاوہ کئی لیڈران موجود تھے۔اس دوران پارٹی کے زون صدور اور ضلع صدور کیساتھ رابطہ کرکے رمضان المبارک کے دوران زمینی سطح پر لوگوں درپیش مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل کی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ایام متبرکہ کے دوران بھی لوگوں کو اُن بنیادی ضروریات سے محروم رکھا گیاہے جو ماضی میں خود بہ خود میسر رہا کرتی تھیں۔ اجلاس میں بتایا گیا رمضان المبارک میں بھی لوگوں کو بجلی اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے مسائل درپیش ہیں۔ اجلاس میںیہ بھی بتایا گیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور صارفین سے منہ مانگی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں اُٹھایا جارہا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے تینوں خطوں میں رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو ہر سطح پر راحت پہچانے کے لئے ٹھیس اور بروقت اقدامات اُٹھائیں۔ اُنہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ اس مقصد مہینے کے دوران بجلی ، پینے کی پانی ، صحت وصفائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس ، معیاری چاول، آٹا دستیاب رکھا جائے اور خصوصی طور پر سحری و افطار کے اوقات پر لوگوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جانا چاہئے۔ علی محمد ساگر نے انتظامیہ سے قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے چیکنگ سکارڈ ٹیمیں تشکیل دینے کی ساتھ ساتھ تاجروں اور دکانداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام کو مناسب اور معقول داموں پر اشیاء ضروریہ فروخت کرنے کی کوشش کریں۔ علی محمد ساگر نے میونسپل حکام پر بھی زور دیا کہ صحت و صفائی کے ساتھ ساتھ اُن جگہوں پر سٹریٹ لائٹوں کی مرمت کرنے کی اپیل کی ہے جہاں جہاں لائٹیں خراب ہوئی ہیں۔ ادھر پارٹی کے سٹیٹ سکریٹری چودھری محمد رمضان، سکینہ ایتو، پیر زادہ احمد شاہ، زونل صدور محمد اکبر لون، علی محمد ڈار، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ضلع صدور پیر آفاق احمد، حاجی عبدالاحد ڈار، شیخ اشفاق جبار، غلام محی الدین میر، شوکت حسین گنائی، الطاف احمد کلو، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار، میر غلام رسول ناز اور سجاد شاہین گورنر انتظامیہ سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ لوگوں کو ضروریات زندگی کی اشیاء وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اور ساتھ ہی محکمہ بجلی سے خصوصی طور اپیل کی کہ وہ ماہ رمضان کے پیش نظر صارفین کو بجلی سپلائی کی بحالی میں اور معقولیت لائی جائے۔
نیشنل کانفرنس کے اجلاس میں لوگوں کے مسائل و مشکلات کا جائزہ
رمضان المبارک میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی افسوسناک : علی محمد ساگر