15دنوں کے اندر اندر تحقیقاتی رپورٹ محکمہ داخلہ کو پیش کرنے کی ہدایت
سرینگر ۸ ، مئی ؍کے این ایس ؍ محکمہ داخلہ نے اکتوبر 2018سے جموں وکشمیر میں ہوئی سیاسی لیڈران و کارکنان کی ہلاکتوں کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس(لا اینڈ آرڈر)منیر احمد خان کو تعینات کیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق محکمہ داخلہ نے جموں وکشمیر میں اکتوبر 2018سے ہوئی سیاسی لیڈران و کارکنان کی ہلاکتوں سے متعلق تازہ انکوائری انجام دینے کا فیصلہ لیا ہے جس کے لیے محکمہ داخلہ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس(لا اینڈ آرڈر) منیر احمد خان کو تعینات کیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری آر ڈر میں اے ڈی جی پی (لا اینڈ آرڈر) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اکتوبر 2018سے جموں وکشمیر میں بندوق برداروں کی طرف سے ہوئی سیاسی لیڈران و کارکنان کی ہلاکتوں سے متعلق نئے سرے سے انکوائری شروع کریں۔خیال رہے گورنر ستیہ پال ملک کی جانب سے حال ہی میں بھاجیا کے نائب ضلع صدر برائے اننت ناگ گل محمد میر عرف اٹل کی ہلاکت سے متعلق گہری فکر مندی اور تشویش کا اظہار کیا گیا جس کے بعد گورنر موصوف نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ اکتوبر 2018سے ہوئی سیاسی ہلاکتوں کی نئے سرے سے تحقیقات عمل میں لائے۔معلوم ہوا ہے کہ انکوائری کی غرض و غایت جموں وکشمیر میں سیاسی لیڈران و کارکنان کی پرامن سیاسی سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہے اورسیکورٹی کی غیر موجودگی میں اُن محرکات کا پتہ لگانا ہے جو سیاسی لیڈران و کارکنان کی ہلاکت کا سبب بنتے ہیں۔محکمہ داخلہ نے اے ڈی جی پی (لا اینڈ آرڈر) کو 15دنوں کے اندر اندرانکوائری سے متعلق تمام تحقیقی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اکتوبر 2018کی مابعد سیاسی ہلاکتیں
تازہ انکوائری کے لیے اے ڈی جی پی (لا اینڈ آرڈر)مقرر