سرینگر ۸ ، مئی ؍کے این ایس ؍ پی ڈی پی نے ریاستی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ شاہراہ پر عائد نئے ٹول ٹیکس کو فوری طور پر منسوخ کریں۔ پارٹی نے مذکورہ فیصلے کو ریاست کی پہلے سے ہی مجروح معیشت پر کاری ضرب کے مترادف قرار دیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پی ڈی پی نے ریاستی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سرینگر جموں شاہراہ پر سنگم کے مقام پر قائم ٹول پوسٹ سے ٹیکس کی وصولیابی کو فوری طور پر روکتے ہوئے فیصلے کو منسوخ کریں۔ پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمٰن ویری کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیصلہ ریاست کی پہلے سے ہی مجروح معیشت پر کاری ضرب کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پہلے ہی معاشی طور پر پست اور خستہ حال ہیں لہٰذا تازہ فیصلے اُن کی بچی کچی معیشت پر ایک اور حملہ ہے۔نائب صدر کا کہنا تھا کہ جنوبی کشمیر کے لوگوں کو بالعموم اور کولگام اور اننت ناگ کے عوام کو بالخصوص چرسو ٹول پوسٹ پر روزانہ بھاری رقم ادا کرنی پڑتی ہے کیوں کہ یہاں کی آبادی کا بڑا حصہ سرکار ملازمت سے جڑا ہوا ہے جنہیں ہر روز شاہراہ پر سفر کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ وہ ٹول پوسٹ سے روزانہ سفر کرنے والے جنوبی کشمیر کے لوگوں اور ملازمین کو ٹیکس سے مستثنیٰ رکھیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی طرف سے تازہ فیصلہ عوامی نقل و حمل پر ٹیکس عائد کرنے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ فیصلے کو فوری طور پر منسوخ کریں۔
ٹول ٹیکس کو منسوخ کیا جائے: پی ڈی پی
عوام پہلے سے ہی معاشی طور پر مجروح: عبدالرحمٰن ویری