شوپیان ۸ ، مئی ؍کے این ایس ؍ نامعلوم بندوق برداروں نے پہاڑی ضلع شوپیان میں 2دوا فروشوں پر نزدیک سے گولیاں مار کر انہیں زخمی کردیا جس کے بعد یہاں موجود لوگوں نے زخمی افراد کو گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال زینہ پورہ منتقل کیا جہاںان کی حالت آخری اطلاعات ملنے تک نازک بنی ہوئی تھی۔ادھر حملے کے فوراً بعد فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی تاہم آخری اطلاعات ملنے تک کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نامعلوم افراد نے بدھوار کی سہ پہر کو زینہ پورہ میں قائم المدینہ میڈیکیٹ میںموجود 2دوا فروشوں پر نزدیک سے گولیاں چلاکر انہیں شدید زخمی کردیا۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم بندوق برداروں نے زینہ پورہ کے مین بازار میں قائم المدینہ میڈیکیٹ میں گھس کر یہاں موجود 2دوا فروشوں پر نزدیک سے گولیاں چلائی۔ معلوم ہوا کہ دکان میں موجود عرفان احمد اور مظفر احمد نامی دو دوا فروش گولیاں لگنے کے نتیجے خون میں لت پت ہوکر نیچے گرپڑے۔ اس موقعے پر یہاں آس پاس موجود لوگوں نے گولیوں کی آواز سنتے ہی دکان کی طرف رخ کیا جہاں انہوں نے یہاں دو افراد کو خون میں لت پت ہوئے دیکھا۔ مقامی لوگوں نے اس موقعے پر زخمی ہوئے افراد کو نزدیکی گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال زینہ پورہ منتقل کیا جہاں سے ڈاکٹروں نے انہیں نازک حالت میں ضلع ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا۔حملے کے فوراً بعد فوج، ایس او جی اور سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت نے علاقے کا وسیع پیمانے پر گھرائو کرتے ہوئے یہاں گھر گھر تلاشیوں کا آغاز کیا۔ معلو ہوا کہ فورسز نے گھر گھر تلاشی لینے کے علاوہ یہاں افراد خانہ کے شناختی کارڈ چیک کئے جبکہ زینہ پورہ اور مضافاتی علاقوں میں بھی فورسز نے حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن عمل میں لائے۔
شوپیان میں بندوق بردار نمودار، ادویات فروش پر حملہ
2شدید زخمی، نازک حالت میں ہسپتال منتقل، حملہ آوروں کی تلاش تیز