سٹاف کیلئے بس اور گاندربل کیمپس میں اے ٹی ایم کا افتتاح
سرینگر/8مئی: سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے گاندربل کیمپس میں آج جے کے بینک اور یونیورسٹی کے مابین ایک آپسی معاہدہ پر دستخط کئے گئے، بینک کی جانب سے یونیورسٹی سٹاف کیلئے ایک 32سیٹوں والی بس وقف کی گئیاور کیمپس میں ایک ATM کا افتتاح بھی کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتما م یونیورسٹی کے گاندربل کیمپس میں کیا گیا جہاں بینک کے چیئرمین اور سر پرست جناب پرویز احمد ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر ، بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو اور آر کے چھبر، کالج کے رجسٹرار ڈاکٹر فیاض احمد نکا ، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیسر عبد الغنی ، بینک کے پریزیڈنٹ راکیش گنڈوترا، زونل ہیڈ رئیس مقبول، کلسٹر ہیڈ فرحت عباس کالج کی سینئر فیکلٹی، متعدد طلباء و طالبات اور بینک کے دوسرے کئی افسراں موجود تھے۔
دونوں اداروں کے مابین آپسی معاہدہ پر کالج کی جانب سے رجسٹرار اور بینک کی جانب سے پریزیڈنٹ راکیش گنڈوترا نے دستخط کئے جس میںیونیورسٹی کے ملازمین کو ترجیحی گاہکوں کا درجہ دیا گیا جس کے تحت وہ بینک کی طرف سے کافی ساری مراعات اور متعدد سہولیات حاصل کرسکتے ہیں ۔اس موقع پر ایک پاور پوائنٹ پریزن ٹیشن بھی دکھائی گئی جس میں بینک کی جانب سے فراہم بہت سارے ڈجیٹل پروکٹ اور سہولیات کے بارے میں تفصیلات پیش کی گئیں ۔ چیئرمین جناب پرویز احمد نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ جہاں سینٹرل یونیورسٹی جیسا ایک دانش گاہ دانشوروں کو پیدا کرتا ہے وہاں جے کے بینک تعمیر و ترقی اور روزگار کے وسائل پید اکرتا ہے ۔ انہوں نے کہا جے کے بینک کا دوسرے بینکوں کے ساتھ تقابل نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ہمارا مشن، ہمارا مقصد منافع کیلئے بینک کاری نہیں بلکہ سماج کی ترقی اور ریاست کی معیشت کے واسطے عوامی خدمت کرنا ہے اور ریاست کے ہر ایک شخص کی خود کفالت کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کالج کے امتیازی پوزیشن حاصل کر نے والے طالب علموں کو آئندہ سے جے کے بینک گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک سٹارٹ اَپ کلچر پیدا کرنا ہوگا جس کے لئے جے کے بینک اس کالج کو ہر ممکن تعاون پیش کریگا جس سے یہاں کے بے روز گار نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فرہم ہونگے۔ چیئرمین نے کہا کہ دنیا میں تبدیلی کے ساتھ بدلنا نہایت ضروری ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین نے اپنی تقریر میں کہا کہ پرویز صاحب کی قیادت میں جس تیزی کے ساتھ جے کے بینک آگے بڑھ رہا ہے، اُس سے انکی قابلیت اور محنت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بینک کو ایک مکمل اور جدید طرز کی برانچ کھولنے کیلئے اپنے تولہ مولہ کیمپس میں جگہ فراہم کرینگے۔ پرو فیسر معراج الدین نے کہا کہ یہ جے کے بینک ملازمین کی لگن اور کوشش کا نتیجہ ہے کہ آج ہم ایک مفاہمت نامے پر دستخط کر رہے ہیں ۔ بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ آر کے چھبر نے اپنی تقریر میں کہا کہ سینٹرل یونیورسٹی کشمیر اور جے کے بینک کے درمیان آپسی مفاہمت نامہ بہت آگے جائے گا اور ہم اس قابل قدر ادارے کی خدمت میں اپنا فخر سمجھتے ہیں۔
ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو نے کہا جہاں علم ایک بڑی دولت ہے وہاں جے کے بینک اُس دولت کا محافظ ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار فیاض احمد نکا نے کہا سماج میں بہتری کی جانب تبدیلی دونوں اداروں کا مشن ہے اور یہ مفاہمت نامہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے نہ صرف یونیورسٹی سٹاف بلکہ زیر تعلیم طلباء و طالبات مستفید ہونگے۔ زونل ہیڈ سید رئیس مقبول نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں ہمارا یہ قدم دونوں اداروں کیلئے نیک شگون ثابت ہوگا۔ تقریب کے بعد جے کے بینک چیئرمین ایم بی اے کلاس میں گئے اور وہاں طلباء و طالبات سے رو برو گفت و شنید کی۔ اس دوران انہوں نے طالب علموں کی جانب سے پوچھے گئے کئے سوالات کے مفصل جوابات بھی دئے۔
جے کے بینک قیادت اور ملازمین کا عزم اور لگن مثالی ہے ۔ وی سی سینٹرل یونیورسٹی
جموں و کشمیر بینک اور سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے مابین آپسی مفاہمت نامے پر دستخط ۔