بی جے پی کیخلاف کارروائی قابل ستائش: پی ڈی پی

صحافیوں کی مزاحمت نے لوگوں کے سر فخر سے اُونچے کردئے

بی جے پی کیخلاف کارروائی قابل ستائش: پی ڈی پی

سرینگر ۹ ، مئی ؍کے این ایس ؍ پی ڈی پی نے لیہہ میں بی جے پی کی طرف سے صحافیوں کو رشوت دینے پر ضلعی انتظامیہ کی تازہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے جمہوری اداروں پر لوگوں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پی ڈی پی نے لیہہ میں بھاجپا لیڈران کی جانب سے صحافیوں کو تقریب کے دوران رشوت دینے کیخلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے عوام کا جمہوری اداروں پر اعتماد اور یقین مزید مضبوط ہوگا۔پی ڈی پی ترجمان اور سابق وزیرنعیم اختر نے بتایا کہ یہ ایک غیر مبہم حقیقت ہے کہ بی جے پی نے ملک بھر میں اداروں کو تہس نہس کرکھے رکھ دیا ہے اور آج بھی مختلف اداروں میں آئے روز بے جا مداخلت کرکے ان کے تقدس اور وقار کو پامال کرنے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ لداخ کے غیور صحافیوں نے کڑی مزاحمت کرتے ہوئے بی جے پی کے ان غیر جمہوری اقدامات کے خلاف کمر کس لینا انتہائی حوصلہ افزا بات ہے اور صحافیوں کے اس اقدام نے ریاست کے ہرامن و قانون کی پاسداری کرنے والے شخص کا سر فخر سے اُونچا کردیا ہے۔نعیم اختر کے مطابق بی جے پی نے ہی میونسپل، پنچایتی اور پارلیمانی انتخابات کے دوران روپے پیسے کا استعمال کیا۔بی جے پی نے لیہہ میں عوامی رائے پر قبضہ جمانے کی خاطر پیسوں کا ستعمال کیا تاہم یہاں کے غیور لوگوں نے بی جے پی کے خوابوں کو خاک میں ملاکے رکھ دیا۔ لیہہ کے عوام نے بی جے پی پر واضح کردیا ہے کہ وہ روپیوں اور پیسوں کی آر میں اپنی ضمیر کی آواز کا سودا نہیں کرسکتے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.