سرینگر ۹ ، مئی ؍کے این ایس ؍ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے ملک کے سابق وزیراعظم اور پارٹی کے سابق رہنما راجیو گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کی کارروائی پر برستے ہوئے کہا کہ اس طرح کے طرز عمل سے نریندر مودی کی بصیرت اور ذہنی سطح عیاں ہوجاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی موجودہ صورتحال کو بھانپتے ہوئے بی جے پی نے اپنی ہار کو تسلیم کرلیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے وزیراعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ مودی کی طرف سے ملک کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے تئیں ریمارکس سے موصوف کی ذہنی سطح اور بصیرت خوب واضح ہوجاتی ہے۔ انہوں نے نریندر مودی کی جانب سے ادا کئے گئے ریمارکس کو ناقابل قبول قرار دیا۔غلام احمد میر کے مطابق نریندر مودی کی جانب سے ملک کے سابق وزیرا عظم کے خلاف ہتک آمیز ریکارس سے ملک کے کروڑوں لوگوں کے دل دکھی ہوئے ہیں۔ مودی شہیدوں کو ڈھال بناکر اپنی ناکامی کو کامیابی میں تبدیل نہیں کرسکتے۔سرینگر کے پارٹی ہیڈکوارٹر پر جمعرات کوپارٹی کے سینئر لیڈران اور کارکنان کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے بتایا کہ نریندر مودی نے جس طرح کے ریمارکس ملک کے سابق وزیراعظم کے خلاف ادا کئے ہیں اُس سے موصوف کا پاگل پن مکمل طور پر عیاں ہوجاتا ہے۔مودی کی طرف سے غیر اصولی ریمارکس موصوف کا ذہنی دیوالیہ پن ہے۔ مودی کو ملک کی موجودہ صورتحال کا باریک بینی سے ادارک حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اب زیادہ دیر تک شہیدوں کا سیاسی استحصال کرکے اپنی ناکامی کو کامیابی میں تبدیل نہیں کرسکتا۔آنجہانی راجیو گاندھی نے ملک کو بلندیوں پر پہنچایا ہے اور اقوام عالم میں بھارت کا نام روشن کیا۔ انہوں نے لوگوں کی بلالحاظ مذہب، رنگ، نسل، ذات پاک کے خدمت کرتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود اور بازآبادکاری میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔غلام احمد میر نے بتایا کہ مودی کی طرف سے راجیو گاندھی جیسے شہید پر نازیبان الفاظ کسنے سے موصوف کی ذہنی سطح اور بصیرت کھل کر سامنے آجاتی ہے۔سابق وزیراعظم راجیو گاندھی نے ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں اپنی گراں قدر خدمات وقف رکھیں اور ملک کو بلندیوں پر پہنچایا تاہم اُن کے خلاف ریمارکس سے واضح ہوجاتا ہے کہ نریندر مودی نے ملک کے کروڑوں عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ ملک کے عوام نریندر مودی کو کبھی بھی معاف نہیں کرسکتے کیوں کہ انہوں نے ہمیشہ گمراہ کن اور موقعہ پرست سیاست کا کارڈ کھیلتے ہوئے اپنی سیاسی خواہشات کو تکمیل کو یقینی بنایا۔راجیو گاندھی نے ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لیے اپنی جان بھی قربان کی اور اس قربانی کے طفیل ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔تقریب سے خطاب کے دوران غلام احمد میر نے بی جے پی پر برستے ہوئے کہا کہ مذکورہ پارٹی نے لیہہ میں صحافیوں کو رشوت دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے ڈرایا اور دھمکایا۔ اس زعفرانی جماعت نے ووٹ حاصل کرنے کی خاطر ظلم و جبر کے تمام حدود پار کئے ہیں۔ انہوں نے بھاجپا کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے نتیجے میں بی جے پی کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ۔سرینگر جموں شاہراہ پر سنگم کے مقام پر ٹول پلازا کی طرف سے بھاری ٹیکس وصول کرنے پر کانگریس لیڈرنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فیصلے کر ایک بار پھر نظر ثانی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ پہلے ہی معاشی طور کمزور ہے اور اب مزید ٹیکس کے نفاذ سے اُن کی معاشی حالت بد سے بدتر ہوجائے گی لہٰذا عوام کے مجموعی مفاد کے پیش نظر فیصلے کو واپس لیا جانا چاہیے۔ تقریب میں پارٹی کے سابق صدر پیر زادہ محمد سعید، سابق وزیر تاج محی الدین، غلام نبی مونگا، حاجی عبدالرشید، محمد مظفر پرے، محمد انور بٹ، محمد امین بٹ، گلزار احمد وانی، فاروق اندرابی، شعیب نبی لون، سریندر سنگھ چھنی، غلام حسن خان، سید بشیر، بشیر احمد ماگرے، غلام نبی میرلسجن، عرفان نقیب، فیاض احمد ڈار، امتیاز احمد پرے، عبدالقیوم شاہ، فاروق احمد بٹ، غلام محی الدین بٹ، ساحل فاروق، جی ایم میر، مشتاق احمد کھانڈے، عرفان احمد کولر، معروف احمد وانی، اعجاز مہر، عمر جان، عبدالرشید لون، ایڈوکیٹ گوہراحمد، ڈاکٹر محمد ایوب، تنویر حسین خان، حامد ملک بھی موجود تھے۔
مودی کے راجیو گاندھی سے متعلق ریکارکس ناقابل قبول: کانگریس
بی جے پی وقت ضائع کئے بغیر اپنی شکست کو تسلیم کرے: غلام احمد میر