سرینگر ۱۰ ، مئی ؍کے این ایس ؍ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر نازیبا ریمارکس جاری کرنے اور بعد ازاں گورنر ستیہ پال ملک کی طرف سے نریندر مودی کی حمایت کرنے پر کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گورنر موصوف اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرتے ہوئے دہلی میں بیٹھے اپنے آقاکو خوش کررہے ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر نازیبا ریمارکس جاری کرنے اور بعد ازاں گورنر ستیہ پال ملک کی طرف سے نریندر مودی کی حمایت کرنے پر کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گورنر موصوف اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرتے ہوئے دہلی میں بیٹھے اپنے آقاکو خوش کررہے ہیں۔ غلام احمد میر نے گورنر ستیہ پال ملک کے طرز عمل کی شدید الفاظ میں مذمتکرتے ہوئے کہا کہ گورنر موصوف اپنی پوزیشن کا غلط اور ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے آقائوں کو خوش کرنے کی فکر میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شری راجیو گاندھی نے ملک کی سالمیت اور یکجہتی کے لیے اپنی جان قربان کی تاہم گورنر موصوف سابق وزیراعظم کے خلاف تذلیل آمیز کمپین چلارہے ہیں۔کانگریس صدر نے بتایا کہ گورنر ملک نے بھاجپا اور نریندر مودی کی جانب سے شروع کئے گئے مذموم پروپگنڈے کو جوائن کرکے اپنی پوزیشن کو دائو پر لگادیا ہے۔گورنر ایک اعلیٰ منصب ہوتا ہے اور موصوف کو چاہیے تھا کہ وہ اس قسم کے مذموم اور سیاسی پروپگنڈے سے دور رہتے۔ راجیو گاندھی ہمارے درمیان نہیں ہیں ، انہوں نے ملک کے لیے اپنی جان نچھاورکی تاہم گورنر موصوف شہید کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں جو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔غلام احمدمیر کے بقول وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں سیاسی بیانیہ کے معیار کو انتہائی حد تک گراکے رکھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نریندر مودی شکست خوردگی کا شکار ہوئے ہیں اور اب اپنی پارٹی کی ناکامیوں کو چھپانے کی خاطر دوسروں پر الزام تراشیاں کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔مودی حکومت تمام محاذوں پر مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔گزشتہ الیکشن کے موقعے پر مودی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ ان کو پورا کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکے ہیں۔ یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ نریندر مودی نے کوئی اچھا کام کرنے کے بجائے اس پوری مدت کے دوران اعلیٰ سرکاری عہدوں پر براجمان شخصیات کو بھاجپا کے نقش و قدم پر چلنے اور کانگریس فیملی کے خلاف مذموم پروپگنڈے کی تشہیر پر اُبھارا۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا طریق کار انتہائی بدقسمتی کی علامت ہونے کیساتھ ساتھ ملک کی جمہوری تاریخ کے لیے ایک المیہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے عوام اس بات سے پوری طرح واقف ہیں کہ راجیور گاندھی کو بوفورس تنازعے میں ملوث کرنے کے تمام الزامات عدالت میں بھی ناکام ہوچکے ہیں۔
گورنر ستیہ پال ملک سرکاری پوزیشن کا غلط استعمال کررہے ہیں: غلام احمد میر
مودی شکست خوردگی کا شکار،ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں