انصاف کو جنگی بنیادوں پر فراہم کیا جائیگا: بصیر احمد خان

امن و قانون کو زک پہنچانے سے احتراز کیا جائے

سرینگر ١٣ ، مئی ؍کے این ایس ؍ سمبل بانڈی پورہ میں پیش آئے شرمناک واقعے سے متعلق صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے لوگوں کو پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کوجنگی بنیادوں پرفراہم کیا جائیگا۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ریاستی کے نمائندے اور صوبائی کمشنر برائے کشمیر بصیر احمد خان نے میڈیا کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سمبل بانڈی پورہ میں پیش آئے شرمناک واقعے میں متاثرہ بچی کو جنگی بنیادوں پر انصاف فراہم کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اس شرمناک واقعے میں ملوث شخص کو قانون کے مطابق سزا دی جائیگی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اہم اور نازک موقعے پر ہوش و حواس سے کام لیتے ہوئے پرامن اور سازگار ماحول کو یقینی بنائے۔ صوبائی کمشنر کے بقول وہ کیس کی ذاتی طور پر نگرانی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے خصوصی ہدایت دیتے ہوئے واقعے کی معیاد بند تحقیقات عمل میں لانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات تیز تر بنیادوں پر عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ متاثرہ بچی کو جلد از جلد انصاف فراہم ہوجائے۔ صوبائی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس نازک اور اہم موقعے پر امن و قانون کی صورتحال کو زک پہنچانے سے احتراز کریں اور حکومت پر تحقیقات کے حوالے سے مکمل اعتماد اور بھروسے کا اظہار کریں۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو جو بھی جائز شکایات ہوں گی وہ متعلقہ محکمہ کے پاس آکر ان کا ازالہ کرائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.