سرینگر ١٥ ، مئی ؍کے این ایس ؍ راشن کی قلت، بجلی کی نایابی اور کمر توڑ مہنگائی کو گورنر انتظامیہ کی غیر سنجیدگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی ایک مسلم اکثریتی ریاست کے لوگ بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے شمالی زون صدر محمد اکبر لون، وسطی زون صدر علی محمد ڈار اور جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے گورنر انتظامیہ کے کام کاج کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف لوگ بنیادی ضروریات کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ذرائع ابلاغ میں سب کو ٹھیک جتلا کر بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں ۔لیڈران نے کہا کہ صارفین سے اشیائے خوردو نوش کی من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہے لیکن انتظامیہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے میں سرے سے ہی ناکام دکھائی رہے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سحری اور افطار کے وقت لوگوں کو بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ لوگوں کے سڑکوں پر آنے کے باوجود بھی نہ تو راشن کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے اور نہ بجلی کی سپلائی میں کوئی بہتری لائی جارہی ہے۔ پارٹی کے زون صدور نے ریاستی گورنر شری این این ووہرا پر زور دیا کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر انتظامیہ کو متحرک کریں اور لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔