علاقے میں فوج طلب، کرفیو نافذ، انٹرنیٹ سروس معطل
بھدرواہ ١٦ ، مئی ؍کے این ایس ؍ بدھ کورات دیرگئے نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں ایک معصوم نوجوان کی ہلاکت کے بعدقصبہ بھدرواہ میں پُرتشددمظاہرے ہوئے ،اورمظاہرین کاالزام ہے کہ نعیم شاہ نامی نوجوان کی ہلاکت میں نامنہادگائورکھشک ملوث ہیں ۔جمعرات کومشتعل ہجوم کی جانب سے مقامی پولیس تھانہ پرحملہ کرکے یہاں گاڑیوں کی توڑپھوڑاوردو آٹورکھشاسمیت ایک موٹر سائیکل کو کونذرآتش کئے جانے کے بعدحکام نے قصبہ بھدرواہ اوراسکے نواحی علاقوں میں کرفیونافذکردیا،اورکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طورپریہاں پولیس وفورسزکے اضافی دستے تعینات کئے گئے ۔آئی جی پی جموں زون نے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ فائرنگ کے واقعے میں ایک اورنوجوان آہینی ریزے لگنے سے زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے معاملہ درج کرکے اس واقعے کی بڑے پیمانے پرتحقیقات شروع کردی ہے ۔کشمیرنیوزسروس(کے این ایس )کے مطابق خطہ پیر پنچال بھدرواہ علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو نامعلوم بندوق برداروں نے ایک شخص کو گولی مار کر ابدی نیند سلا دیا۔بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہنال تھی پل بھدرواہ میں پیش آیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ نعیم شاہ ساکنہ محلہ قلعہ بھدرواہ کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو قریب2بجے نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔پولیس کے افسر نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی۔ان کا کہناتھا کہ مذکورہ مہلوک شخص کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد نعش کو آخری رسومات انجام دینے کیلئے لواحقین کے سپرد کردیا گیا۔پولیس افسر سے جب یہ پوچھا گیا کہ مذکورہ شخص کو دیسی رائفل سے گولی مار ی گئی ،تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ تفتیش طلب ہے اور تحقیقات آگے بڑھنے کے بعد ہی اس پر رائے زنی کی جاسکتی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بھدرواہ میں امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے بندشیں عائد کی گئیں۔حکام نے بتایاکہ بھدرواہ قصبہ اوراسکے مضافاتی علاقوں میں احتیاطی اقدام کے بطوربندشیں عائدکی گئی ہیں ۔اُدھرجمعرات کوقصبہ بھدرواہ میں اُسوقت سختی کیساتھ کرفیونافذکیاگیاجب یہاں نعیم شاہ نامی نوجوان کی پُراسرارہلاکت کیخلاف لوگوں کی جانب سے نکالے گئے احتجاجی جلوس میں شامل نوجوان تشددپراُترآئے ۔جلوس میں شامل لوگ الزام لگارہے تھے کہ نعیم شاہ کی ہلاکت میں مبینہ طورپرگائورکھشکوں کاہاتھ ہے ۔مہلوک نوجوان کے رشتہ داروں نے بتایاکہ نعیم شاہ کونامہنادگائورکھشکوں نے مبینہ طورپردیسی ہتھیارسے گولی کانشانہ بناکرموت کی نیندسلادیا۔پولیس وسیول حکام نے احتجاجی مظاہرین کویقین دہانیاں دیکرپُرامن طورمنتشرکرانے کی کوشش کی لیکن مظاہرین نے احتجاج جاری رکھاجس دوران قصبہ بھدرواہ میں حالات بگڑ گئے ۔اُدھر میڈیارپورٹ میں بتایاگیاکہ جن افرادکی گولیوں کانشانہ بن کرنعیم شاہ نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا،انہوں نے صفائی پیش کرتے ہوئے بتایاکہ بدھ کوشام دیرگئے کچھ افرادکی مشکوک نقل وحرکت دیکھ کرانہوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیااوردوسراجائے واردات سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ نوجوان کے رشتہ داروں نے پولیس تھانہ بھدرواہ پرہلہ بول کریہاں کھڑی پانچ گاڑیوں کونقصان پہنچانے کے علاوہ ایک آٹورکھشاکونذرآتش کرڈالا۔ذرائع کے مطابق مشتعل ہجوم کومنتشرکرنے کیلئے لاٹھی چارج کرنے کیساتھ ساتھ آنسوگیس کے کچھ گولے بھی داغے گئے ۔تاہم اس کارروائی میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔آئی جی پی جموں زون ایم کے سنہانے نامہ نگاروں کوبتایاکہ نعیم احمدشاہ نامی نوجوان چھترگالہ گائوں سے آرہاتھا،اورجب وہ نالتی علاقہ میں پہنچاتویہاں ہوئی فائرنگ میں گولیاں لگنے سے وہ جاں بحق ہوگیاجبکہ ایک اورنوجوان آہینی ریزے لگنے سے زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ نوجوان کی ہلاکت کے بعدبھدرواہ قصبہ میں مشتعل ہجوم نے پولیس تھانہ پرحملہ کرنے کیساتھ تشددکاطریقہ کاراپنایا،اورصورتحال پرقابوپانے کیلئے یہاں کرفیونافذکیاگیا۔اس دوران معلوم ہواکہ نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں جاں بحق ہوئے نوجوان نعیم شاہ کی آخری رسومات میں لوگوں کی ایک بڑی تعدادشامل ہوئی ۔اُدھرحکام نے بتایاکہ اس واقعے کی مناسبت سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ قصبہ بھدرواہ میں صورتحال پُرتنائواورکشیدہ ہونے کے بعدکرفیونافذکیاگیا،اورکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس وفورسزکے اضافی دستے حساس مقامات پرتعینات کئے گئے ہیں ۔حکام نے بتایاکہ جمعہ کے روزاس واقعہ کیخلاف ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظرقصبہ بھدرواہ اوراسکے نواحی علاقوں میں کرفیوجاری رہے گا۔
بھدرواہ میں نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے 50سالہ شخص جاں بحق، 2زخمی
مشتعل ہجوم کا پرلیس اسٹیشن پر حملہ، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ، 2آٹو رکشااور موٹر سائیکل نذر آتش