سرینگر ۱۷ ، مئی ؍کے این ایس ؍ چیرمین تحریک حریت جموں کشمیر محمد اشرف صحرائی نے معرکہ شوپیان اور پلوامہ میں شہید ہوئے مجاہدین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان حق خود ارادیت کے حصول اور بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لئے اپنا گرم گرم لہو بہارہے ہیں ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کو موصولہ بیان میںانھوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ان سرفروش جوانوں کی جانب پیش کی جارہی قربانیوں کے لئے انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔صحرائی نے اس بات کو دہرایا کہ قائدین اور عوام دونوں پر لازم ہے کہ وہ ان عظیم شہداء کے مشن کی تکمیل کے لئے پوری لگن ،دلجمعی اور اعتماد سے آگے بڑھیں ۔انھوں نے بھارت کے حکمرانوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بندوق اور بارود کے بل پر اپنا قبضہ جمائے ہوئے ہیں جسے جموں کشمیر کے عوام نے کبھی بھی قبول نہیں کیا ہے اور یہاں عوام نے ہر دور میں سیاسی اور جمہوری سطح پر بھارت کے جبری قبضے کے خلاف آواز اٹھائی ،مگر بھارتی حکام نے ان سیاسی تحریکوں اور آواز کو بزور قوت کچلنے کے لئے دھونس ،دبائو اور زور زبردستی سے کام لیا۔ صحرائی نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے کہ یہاں کے جوانوں کو اپنا سر ہتھیلی پر رکھ کر میدان کارزار میں آنا پڑا ،تاکہ جموں کشمیر کا متنازء مسئلہ اجاگر ہو ۔صحرائی نے شہدائے شوپیان اور پلوامہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لاکھوں شہداء کی قربانی ضرور رنگ لائے گی اور مظلوم قوم آزادی سے ہمکنار ہوگی ۔
نوجوان بھارت کی غلامی سے نجات کے لئے گرم لہو بہارہے ہی:صحرائی
شوپیان اور پلوامہ معرکوں میں جاں بحق جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش