سرینگر ۱۸ ، مئی ؍کے این ایس ؍ تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے پنزگام پلوامہ میں جاں بحق جنگجو نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے پوری وادی کو بالعموم اور جنوبی کشمیر کو بالخصوص آگ و آہن کے حوالے کیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے پنجہ گام اونتی پورہ کے خونین معرکہ میں شہید ہوئے جنگجوئوں شوکت احمدساکن پنزگام ،عرفان احمد ساکن سوپور اور مظفر احمدساکن ٹہاب کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری وادی کو بالعموم اور جنوبی کشمیر کو باالخصوص آگ و آہن کے حوالے کیا گیا ،نوجوانوں کو گولیوں سے بھونا جارہا ہے ،مکانات کو بموں اور بارود سے اُڑایا جاتا ہے ۔بستی بستی فوجی محاصرے تلاشیاں ،چھاپے گرفتاریاں اور شہادتیں جارہی ہیں ۔ہر سو مظالم ،تشدد ،ماردھاڑ ،ٹیر گیس شلنگ ،پیلٹ فائرنگ کا قہر جاری ہے ۔معصوم جوانوں کو تہہ خاک مسل دیا جاتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں کشمیر میں نسل کشی کا سلسلہ تیز کیا ہے۔آئے روز جوانوں کو شہید کیا جارہا ہے ۔صحرائی صاحب نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے حصول حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں ۔جدوجہد آزادی کی اس راہ میں آج تک لاکھوں لوگوں نے جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں ۔آج بھی پوری قوم آزادی کی خاطر بیش بہا قربانیاں پیش کررہی ہے ،لیکن بھارت نے جموں کشمیر کے ان قربانیوں اور مطالبات کو کبھی بھی خاطر میں نہیں لایا بلکہ مبنی بر حق آزادی پسند عوام کو بزور طاقت دبایا گیا ۔والدین سے ان کے لخت جگر چھین لئے گئے ،املاک کو خاکستر کیا جارہا ہے ،جوانوں اور طالب علموں کو جیلوں میں ڈال کر ان کے مستقبل تاریک بنادیا گیا ۔ہزروں جوانوں بزرگوں ،بچیوں اور بچوں کو اپاہج بنایاگیا ،عصمتیں پامال کی گئی ۔ان مظالم نے ہمارے جوانوں کو ظلم کے مقابلے میں نہتے اور کمزور ہونے کے باوجود اٹھ کھڑا ہونے اور اپنے سروں کی فصل کٹوانے پر مجبور کیا ۔صحرائی صاحب نے کہا کہ ماہ رمضان کے اس مقدس مہینے میں بھی لوگوں کو امن و سکون سے روزہ رکھنے کے مواقع سے محروم کیا جارہا ہے ۔پنجگام کی بستی کو رات بھر محاصرے میں رکھ کر شدید عذاب میں مبتلا کیا گیا ،عام نہتے شہریوں پر طاقت کا بے محابہ استعمال کیا گیا ۔بھاری ٹیر گیس شیلنگ اور پیلٹ گن سے درجنوں جوانوں کو زخمی کردیا گیا ۔پوری بستی میں رات بھر قیامت صغرایٰ برپا کی گئی ۔موصولہ بیان کے مطابق صحرائی نے فورسز کے ان ظالمانہ کاروائیوں کی مذمت کی اور ان شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ۔
حکمرانوں نے وادی کشمیر کو آگ وآہن کے حوالے کردیا: صحرائی
نوجوانوں کو جیلوں میں ٹھونس کر ان کے مستقبل کو جان بوج کر تاریک بنایا جارہا ہے