بانڈی پورہ کے استاد کی اغواکاری اور قتل پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ رنجیدہ

لواحقین کیساتھ اظہارِ یکجہتی ، حکومت سے تحقیقات کا کیا مطالبہ

بانڈی پورہ کے استاد کی اغواکاری اور قتل پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ رنجیدہ

سرینگر ۲۰، مئی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بانڈی پورہ میں جواں سال استاد مشتاق احمد لون کی اغواکاری کے بعد قتل کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بانڈی پورہ میں جواں سال استاد مشتاق احمد لون ساکن گریز حال بانڈی پورہ کی اغواکاری کے بعد قتل کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے اس انسانیت سوز واقعے اور قتل ناحق پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام پر زور دیا کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ملوث قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں۔ ادھرپارٹی کے شمالی زون صدر ایڈوکیٹ محمد اکبر لون ،ڈپٹی سپیکر نذیر احمد خان گریزی اور پارٹی لیڈر نذیر احمد ملک نے بھی اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے ضلع صدر اور سابق ایم ایل اے بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی اور پارٹی قیادت کی طرف سے تعزیت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.