شہری ہلاکتیں دردناک: تاریگامی

گولی اُدھر کی ہو یا اِدھر کی،مرتا صرف کشمیر ہے

شہری ہلاکتیں دردناک: تاریگامی

سرینگر ۲۰، مئی ؍کے این ایس ؍ سی پی آئی (ایم) کے ریاستی لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے زنگل پورہ کولگام میں بندوق برداروں کی طرف سے پی ڈی پی کارکن کو ہلاک کرنے کی کارروائی کی شدید مذمت کی۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق سی پی آئی (ایم) کے ریاستی لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے زنگل پورہ کولگام میںنامعلوم بندوق برداروں کی طرف سے پی ڈی پی کارکن محمدجمال بٹ کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے۔ تاریگامی کا کہنا ہے کہ زنگل پورہ میں پی ڈی پی کارکن کی ہلاکت اور دیگر عام شہریوں کی فوجی معرکوں میں ہلاکتیں انتہائی مذموم ہے۔ اس طرح کی ہلاکتیں ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ آخر کب تک وادی کشمیر میں عام شہریوں کا خون ارزاں ہوتا رہیگا۔تاریگامی نے بتایا کہ عام شہریوں کی بے ہنگم ہلاکتیں دونوں اطراف سے بلا تخفیف جاری ہے۔عام شہری چاہے فورسز کی گولی سے مارا جائے اور جنگجوئوں کی گولی سے ہلاک ہوجائے، بہر حال اس سے صرف ایک قیمتی انسانی جان ضائع ہوجاتی ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ عام شہریوں اور غیر مسلح شہریوں کی ہلاکتوں سے کن کے مقاصد پورے ہورہے ہیں لیکن بدقسمتی سے کشمیریوں کا خون ہر روز یہاں کی سڑکوں اور چوراہوں پر بہہ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تشدد اور ہلاکتیں کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تنازعے سے جڑے تمام فریق انتہا پسندی کا راستہ ترک کرتے ہوئے ایک ایسے لائحہ عمل کی جانب پیش قدمی کریں جس میں لوگوں کی جملہ خواہشات کو اعتماد میں لے کر مسئلہ کا بامعنی حل تلاش کیا جائے۔ اس سلسلے میں جو بھی حل عدم تشدد کی راہ پر چلتے ہوئے نکالا جائیگا وہ دیر پا اور عوام دوست ہوگا۔اس موقعے پر تاریگامی نے مرحوم کے اہل خانہ کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ روز بروز عام شہریوں کی ہلاکتوں کو رکوانے میں اپنا منصبی کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.