سرینگر ۲۱، مئی ؍کے این ایس ؍ ریاستی کانگریس سے وابستہ سینئرلیڈران نے ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو اُن کی 28برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی نے ملک کو اتحاد، بھائی چارے اور ترقی کی راہ دکھلائی۔اس موقعے پر میٹنگ کے دوران پارٹی لیڈران نے مرحوم میرواعظ مولانا محمد فاروق اور مرحوم خواجہ عبدالغنی لون کو اُن کی برسیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ کشمیرنیوزسروس (کے این ایس)کے مطابق جموں کشمیر پردیش کانگریس کے سینئر لیڈران اور کارکنان کی منگلوار کو ایک اہم نشست زیر صدارت پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ملک کے سابق وزیر اعظم اور پارٹی کے سابق رہنما آنجہانی راجیو گاندھی کو اُن کی 28ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ میٹنگ میں موجود لیڈران نے بتایا کہ بھارت رتن سے نوازے جاچکے آنجہانی راجیو گاندھی کی شہادت ملک کو اتحاد، بھائی چارے اور تعمیر و ترقی کی راہ پر ہمیشہ آگے لے جائیگی۔ پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں آنجہانی کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ راجیو گاندھی جیسے قدآور لیڈران اپنی قربانیوں اور خدمات کے حوالے سے ہر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ غلام احمد میر نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے آنجہانی راجیو گاندھی کو ملک کا قدآور لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک نے آسمان کی بلندیوں کو چھوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کی قیادت میں ملک نے تعمیر و ترقی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی کیساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ہی بحیثیت وزیر اعظم ملک بھر میں کمپوٹر ایجوکیشن کو متعارف کراتے ہوئے بھارت کا نام دنیا میں روشن کرایا۔کانگریس صدر کے بقول راجیو گاندھی نے ہی ملک بھر میں پنچایت راج نظام کو متعارف کرایا تاکہ ملک بھر میں زمینی سطح پر تعمیر و ترقی یقینی بن جائے۔ اس نظام کے ذریعے ملک بھر میں غریب اور مفلوک الحال طبقے کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا گیا۔یہ آنجہانی کا خواب ہی تھا کہ ملک سے تعلق رکھنے والے ہر غریب اور مفلس کے دروازے پر ترقی اور خوشحالی دستک دے۔اپنے خطاب میں کانگریس صدر غلام احمد میر نے بھاجپا بالخصوص نریندر مودی پر برستے ہوئے کہا کہ مودی نے کوئی ایسا موقعہ نہیں چھوڑا جب انہوں نے آنجہانی راجیو گاندھی کی شبیہ کو زک نہ پہنچایا ہو۔انہوں نے کہا کہ مودی نے اپنی حکومت کی ناکامی کو چھپانے کی غرض سے سادہ لوح عوام کوگمراہ کرنے کی خاطر راجیو گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے اُن کی شبیہ پر حملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ملک کی معیشت اور یہاں کی سیکولر روایات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتے ہوئے اپنی سیاسی پیاس کو بجھانے کی بھر پور کوشش کی۔ کانگریس لیڈر کے بقول ملکی عوام ہر ہمیشہ راجیو گاندھی جیسے قدآور اور مخلص لیڈر کو یاد کرتے رہیں گے جہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔اس موقعے پر انہوں نے مرحوم میر واعظ مولانا محمد فاروق اور مرحوم خواجہ عبدالغنی لون کو اُن کی برسیوں پر شاندار الفاظ میں خراج پیش کیا۔انہوں نے دونوں رہنمائوں کی سیاسی و دینی خدمات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں لیڈران نے کشمیری عوام کی مخلصانہ اور بے غرض طور پر خدمات انجام دیں۔دونوں لیڈران کو دور اندیش قرار دیتے ہوئے غلام احمد میر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے سے ریاست جموں وکشمیر کیساتھ ساتھ یہاں کے عوام کی دل و جان سے خدمت انجام دی۔میٹنگ سے جن دیگر لیڈران نے خطابات کئے اُن میں پارٹی کے سابق صدر پیرزادہ محمد سعید، حاجی عبدالرشید ڈار، غلام نبی مونگا، محمد امین بٹ، فاروق اندرابی، سریندر سنگھ چھنی، غلام نبی میر لسجن، عبدالغنی خان، محمد سلطان منڈو، شمیمہ رینہ اور عامر رسول شامل ہیں۔میٹنگ میں عرفان نقیب، فاروق احمد بٹ، زاہد حسین جان، غلام محی الدین بٹ، عبدالقیوم شاہ، ساحل فاروق، شمیمہ اقبال، غلام نبی میر، مشتاق احمد کھانڈے، عمر جان، محمد اسلم ڈار، غلام محمد شیخ، امتیاز خان، ریاض احمد شیخ، ہلال احمد وانی، گل شیر خان، جواہرہ بشارت، شمیمہ خان، شفاعت گل، شمیمہ میر، شمیمہ سوپوری، ڈاکٹر فیاض، فرحت قریشی کے علاوہ غازی روح اللہ بھی موجود تھے۔
آنجہانی راجیو گاندھی قدآور لیڈر، خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: غلام احمد میر
28ویں برسی پر ریاستی کانگریس کی خصوصی تقریب میں مقررین کا اظہار خیال