سرینگر ۲۳، مئی ؍کے این ایس ؍ کہتے ہیں کہ جنگ ،محبت اورسیاست میں سب کچھ جائزہوتاہے کیونکہ تینوں محاذوں پرہوادیکھتے ہی اپنی نائوچھوڑنی چاہئے ۔ایساکچھ کشمیرکے مین اسٹریم لیڈران بھی کرتے نظرآرہے ہیں۔پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی ناقابل یقین کامیابی دیکھ کرریاست کے دوسابق وزرائے اعلیٰ نے نریندرمودی اورامت شاہ کی قصیدہ خوانی شروع کردی ۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمرعبداللہ نے انتخابی رُجحانات میں بھاجپاکی مسلسل اُچھال کے تناظرمیں سماجی رابطہ گاہ ٹویٹرپرلکھا’نریندرمودی اورامت شاہ کوپارلیمانی انتخابات میں کامیابی پرپیشگی مبارکباد‘۔انہوں نے ساتھ ہی لکھاکہ ایگزٹ پولزدرست یاصحیح ثابت ہوئے ،اوربھاجپاکواس شاندارکامیابی پراب صرف مبارکبادیناباقی ہے ۔عمرعبداللہ نے اپنے ٹویٹ میں مزیدلکھا’مودی اورامت شاہ کی جوڑی کواس کامیابی کاسہراجاتاہے کیونکہ دونوں نے ملکرایک کامیاب اتحادتشکیل دیااورپیشہ وارانہ اندازمیں انتخابی مہم چلائی‘۔خوداننت ناگ پارلیمانی نشست سے بُری طرح ناکام ہونے والی پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹرپرلکھا’عوامی فیصلے کوعاجزی کیساتھ قبول کیاجائے‘۔انہوں نے پارلیمانی انتخابات میں بھاجپاکی کامیابی کوتاریخی قراردیتے ہوئے مزیدلکھاکہ نریندرمودی کوپھرایک مرتبہ تاریخی منڈیٹ ملاہے ۔محبوبہ مفتی نے ساتھ ہی لکھاکہ آج بی جے پی کادن تھا،کانگریس کوبھاجپاکوشکست دینے کیلئے ایک امت شاہ کی ضرورت ہے ۔سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اننت ناگ پارلیمانی سیٹ سے اپنی ناکامی کے تناظرمیں لکھاکہ عوام کواپنی ناراضگی ظاہرکرنے کاحق ہے ۔