جمعتہ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر کے پیش نظر

لوگوں کو ضروریات زندگی دستیاب رکھی جائیں:ڈاکٹرمصطفی کمال

جمعتہ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر کے پیش نظر

سرینگر ۲۸، مئی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری شیخ مصطفی کمال نے جموں ، کشمیر اور لداخ کی صوبائی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے جمعۃ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر کے پیش نظر لوگوں کو تمام سہولیات بہم رکھنے پر زور دیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری شیخ مصطفی کمال نے جموں ، کشمیر اور لداخ کی صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعتہ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر کے پیش نظر لوگوں کو تمام سہولیات خصوصاً راشن ڈیپوؤں پر وافر مقدار میں غذائی اجناس ، بغیر خلل بجلی ، پینے کا صاف پانی ، صحت وصفائی اور رات گئے تک ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات دستیاب رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ اُنہوں نے کہا فرزندانِ توحید اِن مقدس ایام میں رات گئے تک تراویح ، قرآن خوانی ، شب خوانی، عبادات میں مصروف ہوتے ہیں اِس لئے بجلی کی سپلائی ہر صورت میں بحال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے ریاست کے تینوں خطوں کے اعلیٰ حکام سے بھی تاکید کی کہ وہ ان مقدس تقریبات کے پیش نظر لوگوں کو تمام سہولیات دستیاب رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اُنہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ،کہ وہ عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی بقا، ریاست کے لوگوں کی خوشحالی ، امن وامان کیلئے دعا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.