سرینگر ۲۸، مئی ؍کے این ایس ؍ پردیش کانگریس کمیٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگ ریاستی صدر غلام احمد میر کی صدار ت میں منعقد ہوئی جس دوران حال ہی میں اختتام پذیر لوک سبھا انتحابات اور اس کے تنائج پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ کے دوران طے پایا مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے سے قبل زمینی سطح پر پارٹی کارکنان کی رائے کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پردیش کانگریس کمیٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگ منگلوار کو پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمدمیر کی صدارت میں منعقد ہوئی جس دوران حال ہی میں اختتام پذیر لوک سبھا انتخابات اور مابعد نتائج پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میں طے پایا کہ عید الفطر کے فوراًبعد پارٹی ریاست بھر میں زمینی سطح پر پارٹی کارکنان کی رائے سے استفادہ کرتے ہوئے آگے کا لائحہ عمل طے کرے گی۔پارٹی صدر غلام احمدمیر نے میٹنگ میں موجود پارٹی لیڈران پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر عوام کیساتھ رابطے میں رہ کر اُن کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے میں اپنا منصبی کردار ادا کریں۔میٹنگ میں حال ہی میں اختتام پذیر لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی ناکامی پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔غلام احمد میر نے بتایا کہ پارلیمانی الیکشن میں پارٹی کی کمزور ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ کانگریس پارٹی کا مقصد لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود ہے اور پارٹی اس کے لئے مستقبل میں بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔انہوںنے بتایا کہ کانگریس پارٹی جہاں ایک طرف دھوکہ دہی پر مبنی سیاست، استحصال اور موقعہ پرستی کے خلاف جنگ لڑرہی ہے وہیں وہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔کانگریس پارٹی کے پاس اتنا کلیجہ ہے کہ وہ ریاست کیساتھ ساتھ ملک بھر میں فرقہ پرستوں اور فسطائی قوتوں کیخلاف برسرجنگ رہے گی اور انہیں فرقہ وارانہ بھائی چارے پر مبنی ماحول اور امن کی صورتحال کو مکدر کرنے کی کسی بھی سطح پر اجازت نہیں دے گی۔غلام احمد میر کے بقول عوام کی دل و جان سے خدمت کانگریس پارٹی کی میراث رہی ہے چاہے صورتحال کسی بھی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی ریاست کے تینوں خطوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مفاد کی حفاظت کی ضامن ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی سطح پر مصلحت پسندی سے کام نہیں لیا جائیگا۔میٹنگ کے دوران پارٹی کے سابق ریاستی صدر ، سابق نائب صدر، جنرل سیکرٹریز، سیکرٹریز، ممبران اسمبلی، ضلع صدور کے علاوہ دیگر پارٹی لیڈران بھی موجود تھے۔
پارلیمانی الیکشن میں ناکامی کے بعد کانگریس کی اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد
عید الفطر کے فوراً بعدمستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا: غلام احمد میر