اننت ناگ کے جنگلاتی خطے میں جنگجو مخالف آپریشن

طرفین کی گولہ باری میں 2جنگجو جاں بحق

اننت ناگ کے جنگلاتی خطے میں جنگجو مخالف آپریشن

علاقے میں ہڑتال، موبائل انٹرنیٹ سروس پربریک
اننت ناگ ۲۸، مئی ؍کے این ایس ؍ فوج و فورسز نے جنگجو مخالف آپریشوں کو جاری رکھتے ہوئے جنوبی ضلع اننت ناگ کے جنگلاتی علاقے کشون میں ایک کارروائی کے دوران 2جنگجوئوں کو ہلاک کیا ۔ اس دوران پولیس نے بتایا کہ جائے جھڑپ سے 2جنگجوئوں کی لاشوں کو قابل اعتراض مواد اور اسلحہ و گولہ بارود سمیت برآمد کیا گیا۔ اس دوران جنگجو مخالف آپریشن شروع ہوتے ہی ضلع بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کو معطل رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق فوج و فورسز نے منگلوار کو جنگجو مخالف آپریشنوں کو جاری رکھتے ہوئے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک کارروائی کے دوران 2جنگجوئوں کو جاں بحق کردیا۔ معلوم ہوا کہ فوج کی 19آر آر، سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشن گروپ کی مشترکہ جمعیت نے اننت ناگ کے کشون نامی جنگلاتی خطے کا محاصرہ کیا۔ پولیس ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فورسز نے جنگلاتی علاقے میں جنگجوئوں سے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ہی علاقے کا وسیع پیمانے پر آپریشن عمل میں لاکر جنگجو مخالف کارروائی کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فورسز نے جنگجوئوں سے متعلق اطلاع موصول ہونے کے بعد علاقے کا کڑا محاصرہ عمل میں لاکر فرار کے تمام ممکنہ راستوں پر کڑے پہرے بٹھاتے ہوئے جنگلاتی خطے میں تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔ پولیس کے مطابق فورسز کو یہاں 2سے 3جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد بھاری تعداد میں فورسز کمک کو علاقے میں طلب کرتے ہوئے جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ مقام اننت ناگ کے خارپورہ اور کشون نامی علاقوں کے درمیان واقع ہے جو گھنے جنگلات پر مشتمل ہے۔ پولیس ذارئع کے مطابق تلاشی پارٹی نے جونہی علاقے کے اندر جاکر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا تو یہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فورسز اہلکاروں پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی جس کے ساتھ ہی علاقے میں طرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ چند گھنٹوں پر محیط آپریشن میں 2جنگجوئوں کو مار گرایا جن کی تحویل سے قابل اعتراض مواد اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ معلوم ہوا کہ طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ چند ہی گھنٹوں تک جاری رہا جس کے بعد علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا۔ ادھر فورسز نے جونہی جائے جھڑپ کی جانب پیش قدمی کی تو انہوں نے یہاں سے 2جنگجوئوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد کی۔ ادھر انتظامیہ نے ضلع میں جنگجو مخالف آپریشن شروع ہونے کے ساتھ ہی یہاں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا۔ انتظامیہ نے ضلع بھر میں امن و قانون کی صورتحال کے پیش نظر جنگجو مخالف آپریشن شروع ہونے کیساتھ ہی موبائل انٹرنیٹ سروس پر لگام کس لی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.