سرینگر ۲۹، مئی ؍کے این ایس ؍ حریت کانفرنس (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے کولگام اور کوکرناگ معرکوںمیں جاں بحق عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنے لہو سے اس مقدس تحریک کو سینچتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کے فوجی اور جبری قبضے کے نتیجے میں آج تک ایک حل طلب مسئلے کی صورت میں نہ صرف جنوبی ایشیاء، بلکہ امن عالم کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بناہوا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق حریت کانفرنس (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے معرکہ کولگام اور کوکرناگ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان اپنے لہو سے اس مقدس تحریک کو سینچتے ہیں۔ انہوںنے اس تاریخی حقیقت کو دہراتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کے فوجی اور جبری قبضے کے نتیجے میں آج تک ایک حل طلب مسئلے کی صورت میں نہ صرف جنوبی ایشیاء، بلکہ امن عالم کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بناہوا ہے۔ حریت راہنما نے جموں کشمیر میں ہورہے انسانی جانوں کے اتلاف کو بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کو بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے ساتھ ہی نہ صرف جموں کشمیر، بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے کی اُمید کی جاسکتی ہے، مگربھارت کے نشۂ قوت کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی جانوں کا زیاں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اور اس میں جو بھی لوگ مارے جاتے ہیں اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت اور اس کے تنگ نظر سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کے تاریخی پسِ منظر اور زمینی حقائق کو فوجی غرور میں نظرانداز کررہے ہیں۔ گیلانی نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبرو استقلال عطا کئے جانے کی دُعا کی۔
بھارت کے فوجی اور جبری قبضے کے نیتجے میں کشمیرہنوز حل طلب: گیلانی
نوجوان اپنے مقدس لہو سے اس تحریک کو سینچے آرہے ہیں