نیشنل کانفرنس امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کی داعی جماعت

مسلمانوں کیخلاف نارروا سلوک ملک کے سیکولر کردار پر بدنما داغ: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کی داعی جماعت

سرینگر ۲۹، مئی ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس کے صدر اور نومنتخب رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ پارٹی امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے کام کریگی۔ انہوںنے بتایا کہ مسلمانوں کیخلاف ملک بھر میں نارروا سلوک ملکی سالمیت اور آزادی کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدراور نومنتخب رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھوار کو پارٹی ہیڈکوارٹر پر صوبہ کشمیر کے ایک غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اس وقت ایک پُرآشوب دور سے گذر رہی ہے اور ہر سو سازشوں کا جال بچھا یا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب ملک کو ایک ہندو دیش بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے مسلمانوں کیخلاف نفرتیں پیدا کیں جارہی ہیں۔ اس طوفان کا مقابلہ کرنے ریاست اور ملک میں صحیح سوچ رکھنے والوں کو متحدہ ہونے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور پارٹی لیڈران و ضلع صدور نے اجلاس میں اپنی اپنی آراء پیش کی۔ اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم پہلے امتحان میں کامیاب ہوئے اور اب ہمیں دوسرے امتحان (اسمبلی انتخابات) کا سامناہے اور اس امتحان میں سرخرو ہونے کیلئے ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کرنی ہے۔ پارلیمانی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو زیر کرنے کیلئے کوئی بھی کثر باقی نہیں چھوڑی گئی، ہمارے اُمیدوروں کی ہار کو یقینی بنانے کیلئے ہر ایک حربہ اپنا گیا لیکن عوامی اشتراک اور تعاون سے ہمیں شاندار جیت نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیں اپنا اعتماد دیا ہے اور ہمیں اس اعتماد کی لاج رکھنی ہے اور عوامی اُمنگوں ، خواہشات ، جذبات اور احساسات کے عین مطابق کام کرناہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری قوم ہی نہیں بلکہ ملک کے مسلمانوں کی نظریں بھی نیشنل کانفرنس کے ممبرانِ پارلیمان پر ٹکی ہوئی ہیں، کیونکہ فرقہ پرستوں نے مسلمانوں کو مظلوم اور محکوم بنا کر رکھ دیا ہے۔ مسلمانوں کیخلاف آئے روز ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جو ملک کے سیکولر کردار پر بدنما داغ بن رہے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ اب صرف مسلم نام ہونے کی بنا پر شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایسا رجحان ملک کی سالمیت اور آزادی کیلئے بہت بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ اُن کا کہناتھا کہ نیشنل کانفرنس کے ممبرانِ پارلیمان کو جموںوکشمیر سمیت ملک کے تمام مسلمانوں کی ترجمانی کرنی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست کے اندر ہماری پارٹی کیخلاف سازشوں کے جال بُنے جارہے ہیں ، ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں ایک جُٹ ہوکر رہنا ہوگا اور ایسے عناصر کو عوامی صفوں میں بے نقاب کرنا ہوگا جو کشمیر دشمنوں کے اشاروں پر یہاں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست میں امن و استحکام کی بحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے کام کریگی اور ہر سطح پر لوگوں کی راحت رسانی کیلئے پیش پیش رہے گی۔ عوام کی ہر حال میں خدمت کرنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے اور پارٹی آج بھی اپنے سنہری اصولوں پر کاربند ہے۔ شیر کشمیر کی اس جماعت نے ہمیشہ عوام کو ہی طاقت کا سرچشمہ ماناہے اور آج بھی مانتی ہے۔ عوامی اشتراک اور تعاون کے بغیر پارٹی کا کوئی وجود نہیں، ہمیں ہر حال میں لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.