سرینگر/مئی29: پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کشمیر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد کل جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ جناب پرویز احمد سے بینک کے صدر دفتر پر ملاقی ہوا اور گزشتہ مالی برس کے بینک کے شاندارمالی نتائج پر انہیں مبارکباد دیدی اور عزت افزائی کی۔ گیارہ رکنی وفد کی قیادت چیمبر کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ہوٹل گرینڈ ممتاز مشتاق احمد چایا کر رہے تھے جنکے ہمراہ چیمبر کے ساتھی چیئرمین بلدیو سنگھ رینا اور ظہور احمد ترمبو بھی تھے۔ وفدنے چیئرمین کے اُن قابل ستائش اقدامات کی سراہنا کی جنکی بدولت صرف دو سال کے اندر اندر 1632کروڑ کے نقصان سے اُبھر کر جے اینڈ کے بینک نے مارچ 2019میں 465کروڑ روپے کا منافع درج کیا ہے اور سال 2022 تک دو ہزار کروڑ روپے منافع کا نشانہ بھی مقرر کیا ہے۔ مشتاق احمد چایا نے کہا کہ یہ جے کے بینک انتظامیہ اور اسکی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ یہ بینک بہت کم مدت میں ملکی سطح کے مالی بحران سے باہر آیا ہے اور مارچ 2017کے تشویش سے نکل کر محفوظ زون میں آگیا ہے جو ریاست کی ساری بزنس کمیونٹی کیلئے سبق آموز ہے۔ دیگر کاروباری اشخاص اور PHD چیمبر کشمیر سے تعلق رکھنے والے وکی شا، جان محمد کول، شوکت چودھری، طارق رشید، شہانا فاطمہ، قیصر میر، عدنان شاہ اور اقبال فیاض بھی وفد بھی شامل تھے۔ وفد نے بینک کے ایپل پروجیکٹ کی طرز پر بھیڑ اور مویشی پالن کیلئے بھی ایک پروجیکٹ عملانے کی تجویز پیش کی۔ اس موقع پرجے کے بینک چیئرمین نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام تعلق داروں کی نیک خواہشات اور بھروسے کا نتیجہ ہے جو ہمیں آگے بڑھنے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔ خدمت سے خود کفالت تک ہمارے نعرے کا مقصد ریاست کی کاروباری ترقی کے علاوہ یہاں روزگار کے وسائل بھی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک جموں و کشمیر ریاست میں نئے کاروبار کے فروغ کے متمنی نوجوانوں کو ہر ممکن مدد کرے گا اور انکے کاروباری سفر میں شامل حال رہیگا۔ چیئرمین نے کہا کہ ہمیں اپنے سماج میں مثبت خیالی کو بڑھاوا دینا ہوگا کیونکہ کسی بھی سماج کی ترقی کیلئے مثبت سوچ بہت ضروری ہے۔ چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ ریاست کے کاروباری حلقے کیلئے ہم نے اپنے کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں ایک سنگل پوائنٹ رابطہ قائم کر رکھا ہے جہاں پر ہر قسم کی آراء ، شکایات اور تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی ایچ ڈی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹر یزکشمیر کی جانب سے چیئرمین جموں و کشمیر بینک کی عزت افزائی
آگے بڑھنے کیلئے مثبت سوچ ضروری : پرویز احمد