سرینگر ۳۱، مئی ؍کے این ایس ؍ تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے ڈانگر پورہ سوپور معرکے میں جاں بحق عسکریت پسندوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی غلامی سے خلاصی پانے کیلئے کشمیری نوجوان اپنی عزیز جانیں نچھاور کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت طاقت کے نشے میں چور ہوکر کشمیر یوں کی پرامن جدوجہد کو قابو کرنے کیلئے عوام پر تمام ظلم وجبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے ڈانگر پورہ سوپور اور سوگن شوپیان معرکہ آرائیوں کے دوران شہادت پانے والے مجاہدین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی غلامی کے خلاف اپنی عزیز جانیں نچھاور کرکے ایک تاریخ رقم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے حکمرانوں نے بے اصولی کی سیاست اپناتے ہوئے یہاں کے عوامی جزبات و احساسات کے علی الرغم جموں کشمیر کے خطے پر اپنا غاصبانہ قبضہ قائم کرکے تمام جمہوری، انسانی ،قانونی،سیاسی اور بین الاقوامی قوائد کی دھجیاں اڑاکرایک نہتی اور بے بس قوم کو غلام بناکر اس کی تہذیب ،تمدن ،کلچر اور مذہبی عقائد پر یلغار کی ہے ۔جموں کشمیر کے عوام نے ہر دور میں بھارت کے قبضے اور جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ۔مگر طاقت کے نشے میں چور بھارت کے حکمرانوں نے فوجی طاقت کا استعمال کرکے پُر امن سیاسی جدجہد میں شامل عوام کو زیر کرنے کے تمام حربے آزمائے ۔فوجی طاقت کے استعمال کے نتیجے میں آج تک چھ لاکھ لوگوں کو شہید کیا گیا،ہزاروں خواتین کی عصمت تار تار کی گئی ۔لاکھوں لوگوں کو مہاجرت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ۔لاکھوں لوگوں کو گرفتار کرکے جسمانی اور ذہنی ٹارچر کیا گیا ۔املاک اور جائداد کو ملیامیٹ کیا گیا ۔لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا گیا اور آج اپنے آپ کو ایک بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارتی حکمران اپنے سامراجی عزائم کو ہی بروئے کار لاتے ہیں ،جس کی وجہ سے کشمیر کے جوانوں نے تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق بھارت کے فوجی طاقت کا مقابلہ کرنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگادی ہے اور آئے روز جنازوں پر جنازے اٹھائے جارہے ہیں ۔محمد اشرف صحرائی نے سوپور اور شوپیان کے شہداء کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملت فروشی کے مقابلے ان قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے شمع آزادی کو فروزان رکھنے کی ضرورت ہے ۔دریں اثنا پارٹی سے وابستہ کارکن بشیر احمد قریشی نے جمعۃ الوداع کے موقع پر بیت المکرم مسجد واقع بارہمولہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ماہ رمضان کی فضیلت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ کی موجودہ صورت حال پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن یوم القدس اور یوم کشمیر کے طور منایا جارہا ہے ،کیونکہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل میں تاریخ کے دیرینہ ترین حل طلب مسائل کی حیثیت سے موجود ہیں اور دونوں خطوں پر غیر ملکی سامراج قابض ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کے عوام غیر ملکی جارحیت اور قبضے کے خلاف بر سر جدوجہد ہیں ۔یہ جدوجہد مبنی بر حق ہے اور اس جدوجہد کو حصول آزادی تک جاری رکھا جائے گا ۔
غلامی سے خلاصی پانے کیلئے نوجوان عزیز جانیںنچھاور کررہے ہیں: محمد اشرف صحرائی
بھارت طاقت کے نشے میں چور، مزاحمت کو کچلنے کیلئے ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے