بھارت مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں: صحرائی

نوجوانوں کی نسل کشی سے صورتحال مزید ابتر

بھارت مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں: صحرائی

سرینگر ۳، جون ؍کے این ایس ؍ تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے مولو چتراگام شوپیان میں ایک جنگجو اور عام شہری کو شہید کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی لہو کو ارزاں بنادیا گیا ہے اور آئے روز نوجوانوں کو قتل کرکے نسل کشی کی جاتی ہے ۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو موصولہ بیان کے مطابق تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت کے حکمران مسئلہ کشمیر کو امن و قانون کا اشو بناکر اصل حقائق سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں ۔جب کہ جموں کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے اور بر صغیر میں کشیدگی کی بنیادی وجہ اس مسئلہ کا حل نہ ہونا ہے ۔محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ اگر اس متنازعہ مسئلہ کو اس کے اپنے تاریخی پس منظر میں حل کرنے میں بھارت سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے میں خلوص کا مظاہرہ کرے گا تو بر صغیر کی تاریخ بدل کر رہ جائے گی ،پورے برصغیر میں امن و خوشحالی اور ترقی کے دروازے کھلیں گے ۔صحرائی نے کہا کہ بھارت کے حکمرانوں نے کبھی بھی اس متنازعہ مسئلہ کو سنجیدگی کے ساتھ اصل پس منظر میں حل کرنے کی مخلصانہ کوشش کرنے کے بجائے بے محابہ طاقت کا استعمال کیا ، جس سے بر صغیر کی حالت انتہائی دھماکہ خیز رہی۔صحرائی نے شہدا کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے لئے بلندی درجات کے لئے دعا کی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.