سرینگر ۳، جون ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ گوجر، بکروال ، پہاڑی اور دیگر پسماندہ طبقوںکو اس وقت بہت سارے حقیقی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور پارٹی ریاست کے تینوں خطوں میں قیام پذیر ان طبقوں کی حالت زار سے پوری طرح واقف ہے اور ہماری جماعت ان طبقوں کی راحت رسانی کیلئے وعدہ بند ہے۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سوموار کو اپنی رہائش گاہ پر گوجر ،بکروال اور پہاڑی طبقوں سے تعلق رکھنے والے وفد کے علاوہ دیگر عوامی وفود کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے لوگوں کے مسائل اور مشکلات سنے اور ان کا سدباب کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ گوجر ، بکروال اور پہاڑی طبقہ سے تعلق رکھنے والے وفد نے اپنے مسائل و مشکلات کا خلاصہ کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس آپ کے مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ہم اس بات سے بھی باخبر ہیں کہ سابق حکومت کے دوران آپ کا جینا کیسے دوبھر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ابتداء سے ہی گوجر بکروال لوگوں کے حق کو تحفظ فراہم کیا ہے اور اِن کی ترجمان جماعت بن کر اُبھری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور بیگم اکبر جہاں نے ہر موقعہ پر گوجر، بکروال، پہاڑی اور دیگر پسماندہ طبقوں کا خیال رکھا اور اِن کی بھرپور خدمت کرنے کے لئے اقدام کئے۔ نیشنل کانفرنس کی حکومتوں کے دوران ان کے مسائل حل کرنے میں کافی دلچسپی لی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے پسماندہ طبقوں کی حالت میں سدھار لانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دی۔ انہیں شیڈولڈ کاسٹ درجہ دیا گیا اور سابق عمر عبداللہ کی حکومت کے دوران ہی پہاڑی طبقہ سے وابستہ لوگوں کو 5فیصد ریزرویشن دینے کو منظوری دی گئی لیکن پی ڈی پی بھاجپا حکومت نے 4سال تک اسے سرد خانے میں رکھا اور حال ہی میں گورنر نے ریزرویشن کو منظوری دی لیکن اسے صرف3فیصدی رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی کوششوں کی وجہ سے ہی تمام شعبوں میں پسماندہ طبقوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے کام کیا۔اس دوران گوجر بکروالوں کا وفد بعد میں پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر سے بھی ملاقی ہوا۔ علی محمد ساگر نے اس موقعے پر کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ گوجر بکروالوں کا خصوصی خیال رکھا ہے اور اُن کو درپیش تمام مسائل کا سدباب کرتی آئی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے قریب تعلیم کا شعبہ خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ اِسی لئے ہماری جماعت نے گوجر بکروال علاقوں میں گشتی سکول کھولے گئے اور ہر ضلع سطح پر گوجر بکروال ہوسٹل تعمیر کئے گئے۔ نیشنل کانفرنس کی نے ہی گوجر بکروال کیلئے سولر لاٹینگ سسٹم متعارف کرایا۔انہوں نے کہا کہ بیگم اکبر جہاں شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ گوجر خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اور ہم اِس وجہ سے بھی اِن برادریوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے ہیں۔ ہماری جماعت زندگی کے ہر شعبے میں اِن لوگوں کی ترقی کیلئے مساوی مواقعہ پیدا کرنے کیلئے کوشان رہی ہے اور آگے رہے گی۔