مینڈھر ۳، جون ؍کے این ایس ؍ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ خطہ چناب کے کشتوار علاقے سے ملی ٹینسی کو بہت جلد پاک و صاف کیا جائیگا۔دلباغ سنگھ کا کہنا تھا کہ اسلحہ برداروں کی جانب سے گزشتہ مہینوں میں پریہار برادرس اور آر ایس ایس لیڈر کی ہلاکت کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی بھی مکمل ہوچکی ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے سوموار کو ضلع پونچھ کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا دعویٰ کیا کہ کشتوار علاقے سے ملی ٹینسی کو بہت جلد پاک و صاف کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں خطہ چناپ کے کشتوار علاقے سے بہت جلد ملی ٹینسی کو ختم کرے گی۔دلباغ سنگھ کا کہنا تھا کہ کشتوار میں لمبے عرصے سے ملی ٹینسی سے جڑے عناصر سرگرم تھے جن کیساتھ بعد میں کچھ اور نئے چہرے بھی شامل ہوئے لیکن میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ کشتواڑ کے چپے چپے سے ملی ٹینسی کو بہت جلد ختم کیا جائیگا۔ چند ماہ قبل ضلع میں ہوئی اسلحہ برداروں کی جانب سے سیاسی لیڈران کی ہلاکتوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈی جی پی کا کہنا تھا کہ پریہار برادرس اور آر ایس ایس لیڈر کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات اس وقت آخری مرحلے میں جاری ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت بھی مکمل کی جاچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن بندوق برداروں نے پریہار برادرس اور آر ایس ایس لیڈر کو نشانہ بناکر ہلاک کردیا تھا ان کی شناخت مکمل کی جاچکی ہے۔ کیس کی تحقیقات بڑے پیمانے پر جاری اور فی الوقت آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ ڈی جی پی نے کیس سے متعلق مزید کچھ کہنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی تحقیقات دوسری ایجنسیوں کررہی ہے لہٰذا میں مزید کچھ کہہ نہیں سکتا۔
کشتوار کو بہت جلد ملی ٹینسی سے پاک کیا جائیگا: ڈی جی پی
پریہار برادرس اور آر ایس ایس لیڈر کی ہلاکت سے متعلق انکوائری آخری مرحلے میں