سرینگر ۴، جون ؍کے این ایس ؍ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عیدالفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً ریاست کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی تقریب ماہ صیام کے اختتام پر منائی جاتی ہے، بیشک یہ مقدس تقریب منانے کے وہی حقدار ہیں جن کے روزے اللہ نے قبول کئے ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عید الفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً ریاست جموں وکشمیر کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کی تقریب ماہ صیام کے اختتام پر منائی جاری ہے ۔ اُنہوں نے کہا ،کہ عید خصوصی مسرت لے کر آتی ہے اور مسرت ایسی چیز ہے کہ انسان خود محسوس کرتے ہوئے اِس کا اظہار کرتا ہے، لیکن عید کی مسرت ایسی مسرت ہے کہ پروردگار عالم کی طرف سے اِس کا اظہار بھی نیک عمل اور خدا کی رضا کا ذریعہ بن گیا ہے یعنی اجر وثواب کا ذریعہ بھی ہے، یہ خصوصیت عید کی بڑی خصوصیت ہے۔ انہوں نے کہا ،کہ عید کی اِن مسرت گھڑیوں میں اپنی ریاست کے اُن بھائیوں اور بہنوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جو زمانے کے ستم رسیدہ ہیں اور مفلوک الحال ہونے کے نتیجے میں اپنے معصوم اور کمسن بچوں کیلئے بنیادی ضروریات میسر رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہاکہ اللہ تعالیٰ یہ عید پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے ، عالم اسلام کی سربلندی ، لوگوں کو مسرتوں اور شادمانیوں کی باعث ہو۔ نیز خالق کائنات یہ عید ملک کشمیر کے مکمل امن وامان کی بحالی کیلئے موجب ثابت ہو۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ عوام اپنے پسماندہ، نادار اور مفلس بھائیوں کا عید کے موقعے پر خاص خیال رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے اور انسانیت کا بھی یہی تقاضہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں منائیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں کام آئیں۔